Jab ho gaye tamam madadgar haq shaheed
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Sakina (s.a) recited by Saleem Mastan & Brothers
جب ہو گئے تمام مددگار حق شہید
شام غریباں چھائی اندھیرا ہوا شدید
خیمے جلانے آگئے سب حامی یزید
اک بچی چاہتی تھی کہ بابا کی کر لوں دید
سہمے ہوئے وہ خیموں سے ڈر کر نکل گئی
بابا کو ڈھونڈنے سوئے مقتل وہ چل پڑی
مقتل میں دی صدائیں کہ بابا کہاں ہو تم
بابا جلا دیا گیا خیمہ کہاں ہو تم
آئی ہے تم سے ملنے سکینہ کہاں ہو تم
آواز دو کہ کچھ نہیں دکھتا کہاں ہو تم
بیٹی کے بین سن کہ وہ بابا نے کی فغاں
بے سر کی لاش نے کہا بیٹی ہوں میں یہاں
بیٹی نے اپنے بابا کی آواز جب سنی
لاش پدر کے پاس سکینہ پہنچ گئی
روتے ہوئے حسین کے لاشے پہ گر گئی
بابا کی زخمی لاش سے بیٹی لپٹ گئی
فریاد کی کہ جل گیا کرتا تمہارے بعد
مر جائے گی تمہاری سکینہ تمہارے بعد
بابا زمین سرخ ہے اور سرخ آسماں
ظالم نے میرے کانوں سے چھینی ہیں بالیاں
دیکھوں نہ میرے کانوں سے اب تک ہے خوں رواں
اصغر بھی قتل ہو گیا تنہا ہوئی ہے ماں
بابا بتاؤ مجھ کو کے میں کیا کروں گی اب
اس کمسنی میں تنہا میں کیسے رہوں گی اب
مقتل میں بابا لاشے ہیں بکھرے پڑے ہوئے
تیرے مجاہدین نے کتنے ستم سہے
سینے پہ تیر بھالے ہیں اور سر کٹے ہوئے
کس طرح سارے لاشے ہی پامال ہو گئے
لاشوں پہ بابا جان گئی جب میری نظر
دل بیٹھنے لگا میرا لگنے لگا ہے ڈر
اکبر کہاں ہے بابا بتاؤ نا تم مجھے
لاشہ کہاں ہے اس کا بتاؤ نا تم مجھے
پوچھے گی مجھ سے صغری بتاؤ نا تم مجھے
کیسے گیا وہ مارا بتاؤ نا تم مجھے
ڈھونڈونگی اس کو کیسے میں لاشوں کے درمیاں
میں نے سنا ہے سینے میں اس کے لگی سناں
بابا بتاؤ نا میرا بھیا کہاں گیا
میرا غریب گھٹنیوں والا کہاں گیا
بابا وہ تین روز کا پیاسا کہاں گیا
ظالم نے جس کو تیروں سے مارا کہاں گیا
وہ مر گیا ہے اس کا تو جھولا بھی جل گیا
بابا بتاؤ دفن اسے ہے کہاں کیا
مشکیزہ مجھ سے لے کے گئے تھے مرے چچا
مجھ سے کہا تھا دریا سے پانی میں لاؤں گا
بابا مجھے بتائیے ایسا بھی کیا ہوا
بابا بتائیں کیسے وہ مشکیزہ چھد گیا
کس طرح ان کو تیر لگے بازو کٹ گئے
کیسے بغیر ہاتھوں کے وہ زین سے گرے
کرب و بلا کا دشت، اندھیرا تھا چار سو
بچی لپٹ کے کرتی تھی بابا سے گفتگو
بابا کا درد کم ہو یہ تھی اس کی آرزو
ہائے ستم کہ آگئے مقتل میں پھر عدو
ظالم نے اس یتیمہ پہ ظلم و جفا کیا
زلفیں پکڑ کے لاش پدر سے جدا کیا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.