Ana Ibn e Makkah o Mina
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Darbare Shaam recited by Nadeem Sarwar
بیان کرتا ہوں دربار شام کا منظر
جہاں تھے سات سو کرسی نشین فتنہ گر
یزید جھوم رہا تھا شراب پی پی کر
اور ایسی بزم میں افسوس آل پیغمبر
تھا ان کے سامنے اک بد کلام ممبر پر
بیان کرتا تھا جھوٹے یزید کے جوہر
جب اس نے ختم کی تقریر بد کلامی پر
خطیب جہل سے بولے یہ عابد مضطر
کہ تو نے خوش کیا مخلوق کو ضرور مگر
خریدا قہر خدا تو نے مختصر زر پر
ارے جہاں ہو ذکر بد اطوار وہ منبر کب ہے
لکڑیوں کا ہے وہ انبار وہ منبر کب ہے
کہا یزید سے کچھ میں کہوں اجازت دے
یزید چپ تھا تو درباری سارے کہنے لگے
یزید دے دے اجازت اسے بھی کہنے دے
یہ کیا کہے گا لرزتا ہے جو نقاہت سے
سنبھالے طوق و رسن شان کردگار آئی
امام آئے کے منبر پہ ذوالفقار آئی
جس کا منبر تھا وہی برسر منبر آیا
وہ اکیلا تھا مگر صورت لشکر آیا
لب کشاء صورت قرآن وہ حیدر آیا
جب وہ خاموش زباں برسر دربار چلی
کربلا میں نہ چلی تھی جو وہ تلوار چلی
انا ابن مکہ و منی، انا ابن زم زم و صفا، انا ابن علی و فاطمہ
لہجہ نور میں مولا نے کہا بسم اللہ
لائق حمد و ثنا ہے تو وہی ایک خدا
جس نے ہم آل محمد کو ہے تخلیق کیا
جس کو معلوم ہے معلوم ہے میرا شجرہ
جو نہیں جانتا وہ سن لے تعارف میرا
انا ابن مکہ و منی، انا ابن زم زم و صفا، انا ابن علی و فاطمہ
ہم کو اللہ نے چھ خوبیاں بخشیں باخدا
علم اور حلم دیا اور دل مومن میں رکھا
ہے سماعت و فصاحت و شجاعت ورثہ
کم نہ تھی خوبیاں چھ جو کہ یہ عزت کے لیے
صفتیں ساتھ ملیں اور فضیلت کے لیے
انا ابن مکہ و منی، انا ابن زم زم و صفا، انا ابن علی و فاطمہ
ہم میں اول جو تھے وہ احمد مختار ہوئے
کوئی حمزہ تو کوئی جعفر طیار ہوئے
ہم ہی حیدر ہوئے عباس علمدار ہوئے
ہم کو معراج رسالت بھی امامت بھی ملی
ہم کو محراب عبادت میں شہادت بھی ملی
انا ابن مکہ و منی، انا ابن زم زم و صفا، انا ابن علی و فاطمہ
اس کا فرزند ہوں سہہ روز رہا جو پیاسا
درمیاں زین و زمیں جس کا رہا تھا لاشہ
جس کے سجدے کے سبب خاک بنی خاک شفا
خاک اور خون میں ڈوبا تھا عمامہ جس کا
سم اسپاں تلے روندا گیا لاشہ جس کا
انا ابن مکہ و منی، انا ابن زم زم و صفا، انا ابن علی و فاطمہ
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.