Takhleeq e kainat ka mehwar jo zaat thi
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Fatema (s.a)
تخلیق کائنات کا محور جو ذات تھی
شان نزول انما، قرآں صفات تھی
سردار انبیاء کی جو عکس حیات تھی
تھی جو صراط خلد جو راہ نجات تھی
بعد رسول ظلم و ستم اس پہ ڈھا دیا
در کو جلایا حق سے بھی محروم کر دیا
ظالم نے چوب تیغ سے وہ ضرب لگائی
تھرا کے رہ گئی رسول اللہ کی جائی
فضہ! میرا محسن یہ صدا لب پہ تھی آئی
امت نے رسم اجر رسالت یوں نبھائی
اس مرض نے حیات کا نقشہ بدل دیا
بس تین ماہ بعد پیام اجل دیا
اسماء سے یوں گویا ہوئیں بنت مصطفی
بس جاتی ہے کنیز یہ اب جانب خدا
تسبیح عبادت کی جو موقوف ہو صدا
تم میرے ابن عم کو بلا نا سبک ذرا
سب رنج و غم سے آج رہائی میں پاؤں گی
بچھڑی ہوں کب سے پاس میں بابا کے جاؤں گی
کچھ دیر میں صدائے عبادت ٹھہر گئی
غل پڑ گیا رسول کی پیاری گزر گئی
زینب تڑپ کے اماں کے قدموں پہ گر گئی
مولا علی کے کانوں میں جب یہ خبر گئی
سن کر پیام ضبط کا یارا نہ رہ سکا
سینے پہ ہاتھ مار کے وہ شیر رو دیا
کیا ابتلاء و رنج و الم ہو گا اس گھڑی
جب ٹوٹی پسلیوں پہ علی کی نظر پڑی
شیر خدا کے حلق سے اک چیخ سی نکلی
گریہ کناں تھے اشکوں کی جاری ہوئی لڑی
کس کرب و اذیت میں سفر سیدہ کا تھا
حیدر سا صف شکن بھی نہ اس غم کو سہہ سکا
کلثوم محو گریہ تھیں بے حال تھے حسن
حیدر پہ سخت شاق تھا یہ صدمہ و محن
شبیر کے اندوہ میں جاری ہوئے سخن
اماں بلائیں گی تو یہ جائے گا سوختہ تن
جنبش ہوئی، بلند ہوئے دست سیدہ
روتے تھے اہلبیت تو غش کھاتی تھیں فضہ
شبیر جا کے اماں کے سینے سے لگ گئے
نالے حسین کے جونہی سوئے فلک گئے
آنسو نبی کے خلد بریں میں چھلک گئے
طبقات ارض لگتا تھا گویا سرک گئے
مابین ارض و آسماں محشر کا سماں تھا
آل علی پہ غم کا یہ اک کوہ گراں تھا
شب کو جنازہ لے کے بقیع چلے علی
با خون و الم قبر بنائی بتول کی
پھر چشم نم سے احمد مرسل سے عرض کی
لوٹا رہا ہوں آج امانت میں آپ کی
اس حال میں یہ آپ سے اب آکے ملیں گی
میں کیا کہوں خود آپ سے روداد کہیں گی
مٹی لحد کی مل کے یہ فرماتے تھے حیدر
غم کی وہ رات آئی ہے جس کی نہیں سحر
اب کس سے دل کی بات کہوں ہائے مقدر
ساتھی میری تنہائی کا اب کر گیا سفر
یہ کرب و اذیت دم آخر بھی رہے گی
یہ بیکسی زہرا کی مجھے یاد رہے گی
دشمن جو سیدہ کے نہ ہوتے یہ امتی
فرماتے تھے لحد کی میں کرتا مجاوری
مجبور ہوں تربت کا نشاں رکھنا ہے خفی
اندھیر ہوئی آج سے بس میری زندگی
رنج و الم بتول و علی کیسے ہوں رقم
اب حوصلہ نہیں ہے نجم روک لے قلم
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.