Majlis Hussain Alaihis Salam Hai
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Azadari recited by Nadeem Sarwar
ہے سوگ جس جگہ بھی شہ مشرقین کا
خود پرسہ زہرا لیتی ہیں اس نور عین کا
رونا ثواب جس پہ نہ رونا حرام ہے
چشم خدا میں اس کا بڑا احترام ہے
یہ مجلس حسین علیہ السلام ہے
یہ مجلسیں ہیں حمد خدا نعت مصطفی
ان مجلسوں میں ہوتا ہے قرآن لب کشا
ان مجلسوں سے ملتا ہے جنت کا راستہ
ان مجلسوں کی ہوتی ہے کچھ ایسے ابتدا
ذاکر کے لب پہ پہلے خدا کا کلام ہے
ان مجلسوں میں ہوتی ہے انسانیت کی بات
ذکر غم حسین ہے وحدانیت کی بات
یہ مجلسیں رسول کی حقانیت کی بات
رد کرتی ہیں یہ مجلسیں سفیانیت کی بات
ان کے سبب تو حر بھی علیہ السلام ہے
ان مجلسوں کو اجر رسالت کہا گیا
روز ازل سے رونے کو فطرت کہا گیا
دل کی لغت میں اس کو محبت کہا گیا
یعنی اسے بتول کی سنت کہا گیا
ہر رونے والی آنکھ کو میرا سلام ہے
اک مجلس عزا جو ہوئی ملک شام میں
زینب نے صف بچھائی تھی یاد امام میں
آنسو چھپے ہوئے تھے شہیدوں کے نام میں
ماتم ہوا جو یاد شہ تشنہ کام میں
تب سے غم حسین زمانے میں عام ہے
مجلس میں ذکر بالی سکینہ کیا کرو
پانی پیو تو یاد شہ کربلا کی ہو
مجلس میں تذکرہ علی اصغر کا جب سنو
اک آہ سرد بھر کے تڑپ کر یہی کہو
اصغر بڑا شہیدوں میں تیرا مقام ہے
اس مجلس حسین کا سرور ہے نوحہ خواں
تھکتی نہیں ہے ذکر حسینی میں یوں زباں
گھٹی میں اشک غم کو پلاتی رہی ہے ماں
والد نے دی ہے کان میں نوحوں کی وہ اذاں
ریحان جس سے سارے زمانے میں نام ہے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.