Main Hoon Abbas Ali
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Abbas (a.s) recited by Mir Hasan Mir
میں ہوں عباس علی میں ہوں عباس جری
ابوطالب کی وفاؤں کا اثاثہ میں ہوں
شیر یزداں کی شجاعت کا خلاصہ میں ہوں
محرم راز رسول دوسرا سے پوچھو
گر یہ عقدہ ہے کسی عقدہ کشا سے پوچھو
خاص نقطہ ہے اسے نقطہ با سے پوچھو
میری خلقت کا سبب شیر خدا سے پوچھو
قرۃ عین رسول عربی کی خاطر
میں تو زندہ ہوں حسین ابن علی کی خاطر
میں اکیلا ہوں جہاں میں کوئی ثانی نہ نظیر
میری ٹھوکر میں زمانہ میں امیروں کا امیر
یہ تعارف بھی عیاں کرتا ہے میری توقیر
میں ہوں عطائے جہاں اور میرا آقا شبیر
ہمت تشنہ لبی جرأت احساس ہوں میں
ساری دنیا مجھے پہچان لے عباس ہوں میں
جانے کیا زعم ہے ان موت کے بیماروں کو
تشنہ لب رکھا ہے کوثر کے شہنشاہوں کو
خوش ہیں ہاتھوں میں سنبھالے ہوئے تلواروں کو
ابھی معلوم نہیں شام کے روباہوں کو
میں پہاڑوں کی طنابوں کو ہلا سکتا ہوں
نہر ٹوٹے ہوئے نیزے سے اٹھا سکتا ہوں
پیاس ہونٹوں پہ جو رکھوں تو تعجب کیا ہے
مڑ کے دریا کو نہ دیکھوں تو تعجب کیا ہے
آگ پانی میں لگا دوں تو تعجب کیا ہے
نہر چلو میں سمیٹوں تو تعجب کیا ہے
گفتگو جس پہ سدا ہوگی وہ عنوان ہوں میں
کہیں نقطہ کہیں آیت کہیں قرآن ہوں میں
ہے میرے وار کی رفتار ہوا کو معلوم
خادمہ تیغ علی ہے میرے جملے مخدوم
سبھی جرأت کی صفوں میں ہے ازل سے میری دھوم
جسم جب ہونے لگیں گے اپنی جاں سے محروم
ہر شجاعت کے دھنی ابن ولی آئے ہیں
تم یہ کہتے ہوئے بھاگو گے علی آئے ہیں
کوئی سمجھے تو ذرا مصرع لاسیف کی بات
کچھ نہ کچھ مجھ میں بھی موجود ہیں حیدر کی صفات
جانتے ہیں وہ جنہیں یاد ہے صفین کی رات
ایک حملہ ہی بہت ہوگا پئے قحط حیات
شہ رگیں ہوں گی جدا سر کو بدن ترسے گا
آج پانی نہیں برسے گا لہو برسے گا
اپنے دل میں ہے جواں فاتح خیبر کی امنگ
سنگ کو موم کریں ہم تو کبھی موم کو سنگ
زندگی لمحوں میں بے دینوں پہ ہو جائے گی تنگ
بھول جاؤ گئے ابھی رستم و سہراب کی جنگ
ہم جو تلوار کے قبضے میں کلائی دیں گے
ان کے اجداد بھی قبروں سے دہائی دیں گے
میرے سرکار اگر حکم مجھے فرمائیں
دوسری سانس بھی اشرار نہ لینے پائیں
ایک حملے میں نشانات جہاں مٹ جائیں
زلزلے یوں میرے قدموں کی دھمک سے آئیں
کانپ اٹھے ساری زمیں تخت امیہ ٹوٹے
میں رکھوں رن میں قدم اور در کوفہ ٹوٹے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.