Tu Sher E Jali Ibn E Ali Ibn E Wali Hai
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Abbas (a.s) recited by Joan Rizvi
تو شیر جلی ابن علی ابن ولی ہے
کہتی ہے تجھے کرب و بلا حیدر کرار
تو فاطمہ زہرا کی دعاؤں کا صلہ ہے
خود حیدر کرار نے مانگا تو ملا ہے
تو بھی ہے علی تیری رگوں میں بھی ولا ہے
تو شاہ وفا عشق منم جان عزادار
اعلی ہے زبردست ہے سرداروں کا سردار
رتبہ یہ بھلا کس کو ملا دونوں جہاں میں
وہ تو ہے کہ شبیر بھی ہیں جس کی اماں میں
شامل ہے تیری مرضی بھی اللہ کی ہاں میں
ڈھارس ہے علی والوں کو تجھ سے اے وفادار
بازو بھی نہیں پھر بھی ہے تو سب کا مددگار
تو جعفر طیار کی جرات کا لبادہ
ٹکتا ہے ترے سامنے کب کوئی زیادہ
تو تیغ چلانے کا اگر کر لے ارادہ
پھر موت کے چنگل سے نکلتا نہیں فرار
براق کے جیسی ہے تیرے گھوڑے کی رفتار
صفین میں تو ایسے لڑا شیر دلاور
اک بار کیا وار تو دیکھا نہیں مڑ کر
دھڑ چھوڑ کے میدان میں کٹ کٹ کے گرے سر
سب کہنے لگے آگئے کیا حیدر کرار
بابا کی طرح تو بھی چلاتا رہا تلوار
یہ بازو سلامت ہیں تو بس تیرے کرم سے
دشمن تیرا جلتا ہے تو جلتا رہے ہم سے
ہم دور نہیں ہوں گے کبھی تیرے علم سے
جو بغض رکھے تجھ سے وہ لعنت کا ہے حقدار
ابلیس ہے جو تیری وفا کا کرے انکار
وہ کعبے کی چھت اور جلالی تیرا خطبہ
کعبے نے لیا پہلے تیرے قدموں کا بوسہ
پھر کعبہ حسین ابن علی سے یہ پکارا
ہے غیض میں عباس کو روکیں میرے سرکار
یہ اتنا جلالی ہے کہ گر جائے گی دیوار
بس غم ہے یہی آج دل اہل عزا میں
افسوس اجازت نہ ملی کرب و بلا میں
بے دست ہوا مارا گیا دشت جفا میں
یہ کہتے ہوئے جشن مناتے ہیں ستمگار
ہاں مارا گیا لشکر شبیر کا سالار
وہ شام غریباں وہ حرم اور اداسی
پانی نہ ملا بالی سکینہ رہی پیاسی
بے پردہ ہوئی ہائے محمد کی نواسی
تو قتل ہوا خیمے جلے لٹ گیا گھر بار
زینب کی صدا آتی رہی خیمے سے ہر بار
ذیشان ہے تو جون تیرے در کا ہے نوکر
بس دل میں یہ ارمان ہے اے ثانی حیدر
سینے سے لگا ہم کو بھی روضے پہ بلا کر
ہو جائے کرم کرب و بلا دیکھ لیں اک بار
کہتے ہیں عزاخانہ سجا کر یہ عزادار
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.