Qasim kamal khaliq akbar ka naam hai
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Qasim (a.s)
قاسم کمال خالق اکبر کا نام ہے
قاسم جمال و حسن پیمبر کا نام ہے
قاسم جلال و ہیبت حیدر کا نام ہے
قاسم مثال سیرت شبیر کا نام ہے
قاسم نماز عشق حسین ولی ہوا
عباس باوفا کی طرح یہ علی ہوا
مولا حسن کی خاص دعاؤں کا ہے ثمر
فروہ کی عمر بھر کا اثاثہ ولعل و زر
طاقت ابوتراب کی عباس کا اثر
شبیر کے ہر ایک ارادے سے باخبر
کم سن نے جیسے سمجھی ہے غایت حسین کی
ایسے کرے گا کون حمایت حسین کی
قاسم وہ ذات ہے جو کمال خدائی ہے
اعزاز یہ بھی ہے کہ یہ اکبر کا بھائی ہے
صورت خدا نے دونوں کی ایسی بنائی ہے
وہ شکل مصطفی ہے یہ نور خدائی ہے
پالا ہے جس کو بادشاہ مشرقین نے
سکھلائے طور تیغ جسے خود حسین نے
قاسم شبیہ حسن و جمال خدا ہو تم
تم بازوئے عباس ہو، مشکل کشا ہو تم
ہیبت میں مثل ثانی شیر خدا ہو تم
اس فوج بد نسب کو بتا دو کہ کیا ہو تم
حملہ کرو کہ صورت باطل بگاڑ دو
دشت وغا میں ارزق شامی کو گاڑھ دو
آیا جو رن میں قوت کرار کا نشاں
کانپی زمین ہلنے لگے ساتوں آسماں
وہ غیظ وہ جنون عداوت کہ الاماں
ایسی چلائی تیغ نکالی عدو کی جاں
کر کے تباہ، لشکر باطل اجاڑ کے
ٹکڑے ہوا حسین کے دشمن پچھاڑ کے
زیں سے گرا زمین پہ ہائے حسن کا لعل
اک شور ہوا زندہ نہ جائے حسن کا لعل
عمو کو اپنے کیسے بلائے حسن کا لعل
روندا گیا زمین پہ ہائے حسن کا لعل
فوج جفا ادھر کی ادھر دوڑتی رہی
ہر اک عضوئے جسم جواں توڑتی رہی
تیرہ برس کے شیر کا لاشہ بکھر گیا
فرزند مجتبی کا جنازہ بکھر گیا
فروہ کی عمر بھر کا اثاثہ بکھر گیا
ہائے وہ تین روز کا پیاسا بکھر گیا
احمد جواں کے ٹکڑے اٹھا کر حسین نے
گریہ کیا یوں دشت میں جا کر حسین نے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.