Shabbir Ka Charcha Baqi Hai
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Hussain (a.s) recited by Mir Hasan Mir
چودہ صدیاں بیت گئیں شبیر کا چرچا باقی ہے
قرآں اب تک بول رہا ہے خانہء کعبہ باقی ہے
کرب و بلا کا پا کے سہارا گنبد خضری باقی ہے
سارے جھنڈے ٹوٹ چکے ہیں سبز پھریرا باقی ہے
گونج رہا ہے نام محمد ذکر خدا کا باقی ہے
ان چودہ صدیوں کے اندر چودہ سو طوفان اٹھے
اموی ہرکارے دوڑے ہیں عباسی سلطان اٹھے
لات و ہبل سینوں میں چھپائے ہاتھوں پر قرآن اٹھے
جن کی بنیادوں میں لہو تھا قصر وہ عالیشان اٹھے
سب دیواریں بیٹھ گئیں مظلوم کا روضہ باقی ہے
تیغ و تبر نے رستہ روکا فوجوں کی یلغار ہوئی
لعل و گہر نے دام لگائے سکوں کی جھنکار ہوئی
لمبی قباؤں والے اٹھے فتووں کی بھرمار ہوئی
دیدہء عبرت تو ہی بتا یہ جیت ہوئی یا ہار ہوئی
سجدے میں سر کاٹ لیا تھا لیکن سجدہ باقی ہے
کیا جانے کن کن قوموں نے ڈیرے ڈالے دریا پر
آئے آکر لوٹ گئے سب گورے کالے دریا پر
اب بھی ملیں گے ٹوٹے ہوئے کچھ خنجر بھالے دریا پر
قبضہ کرنے آئے تھے سب طاقت والے دریا پر
سب کا قبضہ ختم ہوا عباس کا قبضہ باقی ہے
پیاسوں کے انکار کا خنجر گردن پر کچھ ایسا چلا
لاکھوں فتنے اٹھے لیکن پھر سر بیعت اٹھ نہ سکا
جب بھی کسی کے دل میں تمنا بیعت کی اٹھتی ہے ذرا
کہتا ہے عباس کا پرچم فکر یزیدی ہوش میں آ
جس نے تجھے مارا تھا طمانچہ اب بھی وہ پنجہ باقی ہے
دین نبی کے خوں کی حرارت سینہء عالم کی دھڑکن
آرزوئے زہرا و پیمبر جان علی و روح حسن
بیٹھا ہوا ہے پردے میں تلوار لیے اک قلعہ شکن
طاقت پر اترانا کیسا دین الہی کے دشمن
بدر و احد سے بھاگنے والو آخری حملہ باقی ہے
لاکھ مٹاؤ مٹ نہ سکے گا آل نبی کا نام و نشاں
لاوارث سمجھو نہ اسے یہ خالق اکبر کا ہے مکاں
بیت سے اہل بیت کا رشتہ کیا توڑیں گے اہل جہاں
کیا جانے کب بام فلک سے گونج اٹھے آواز اذاں
اے کعبے کے ٹھیکیدارو کعبے والا باقی ہے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.