Kahin Sab Aap Se Roodad, Alajal Maula
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Mehdi (a.s) recited by Ali Raza Jafri
کہیں سب آپ سے روداد، العجل مولا
غلام کرتے ہیں فریاد، العجل مولا
نگاہ ناز کو جلوؤں کی پیاس رہتی ہے
نفس نفس ترے آنے کی آس رہتی ہے
ترے بغیر مسلسل جو یاس رہتی ہے
کوئی خوشی ہو طبیعت اداس رہتی ہے
ترے ظہور سے احساس زندگی آئے
ترے ہی نور سے آنکھوں میں روشنی آئے
حجاب وقت سے وجہہ خدا ہویدا ہو
نظر میں نور الہی کا پھر سپیدہ ہو
جدا حقیقت ہارون اور زبیدہ ہو
بہت اندھیرا ہے کوئی کرن تو پیدا ہو
سیاہ رات سے سورج ابھارنے والے
ہیں جاں بلب شب فرقت گزارنے والے
جو آنکھ دی ہے تو پھر تاب آئینہ دیجے
جہان یاس میں امید و حوصلہ دیجے
بھٹک رہے ہیں زمانے میں کچھ پتہ دیجے
ہجوم غیر میں اپنوں کو راستہ دیجے
یہ شوق دید میں جاں سے گزر نہ جائیں کہیں
چڑھے ہوئے ہیں جو دریا اتر نہ جائیں کہیں
یہ خاک زادے ہیں تیری اماں میں آئے ہوئے
جہان ظلم میں پرچم ترا اٹھائے ہوئے
وفور رنج میں دنیا کے ہم ستائے ہوئے
تیرے غلام ہیں بس تجھ سے لو لگائے ہوئے
جبیں ہے سجدے میں اظہار بندگی کے لیے
تیرا ظہور ضروری ہے زندگی کے لیے
رکا ہے نقطے پہ پرکار دائرہ غائب
طویل راہ ہے سالار قافلہ غائب
جہان چشم سے خوابوں کا سلسلہ غائب
بکھر گئے ہیں سبھی رند مے کدہ غائب
جگر کے درد کو آرام ساقیا دے دے
غضب کی پیاس ہے اک جام ساقیا دے دے
حسین آپ ہیں پھر حسن کو چھپانا کیا
بلاد قلب پہ یوں بجلیاں گرانا کیا
متاع عشق کو ایسے بھی آزمانا کیا
خیال کیجیے کہے گا ہمیں زمانہ کیا
نفس کے تار ہیں مضراب بیکسی مولا
بھلا چکے ہیں سبھی ساز نغمگی مولا
جہاں میں حرمت کردار اب نہیں باقی
وہ جنس عشق وہ بازار اب نہیں باقی
تپش میں سایہ دیوار اب نہیں باقی
عزا تو ہے وہ عزادار اب نہیں باقی
حسین عصر تجھے آگہی بلاتی ہے
اب العجل کی صدا کربلا سے آتی ہے
جہاں سے نفرت و ظلم و فساد مٹ جائے
خدا کے نام پہ جھوٹا جہاد مٹ جائے
جو آپ آئیں تو ہر بد نہاد مٹ جائے
یزید ختم ہو ابن زیاد مٹ جائے
علی کے لعل کو ہم شہوار دیکھیں گے
اسی کے ہاتھ میں سب ذوالفقار دیکھیں گے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.