Yateem Zainab
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Imam Ali (a.s) recited by Mir Ji
لپٹ کے میت سے کہہ رہی ہے غریب دکھیا یتیم زینب
رہے گی کیسے بنا تمہارے اے میرے بابا یتیم زینب
اے بابا جاتے ہو تم جہاں سے یہ کوفے والوں سے وعدہ لے لو
نہ مارے کوئی بھی اس کو پتھر جب آئے کوفہ یتیم زینب
مجھے گلے سے لگا لو بابا کفن میں اپنے چھپا لو بابا
تمہارے پہلو میں ہی رہے گی یہ بے سہارا یتیم زینب
صدائیں اماں کی آ رہی ہیں وداع بابا کو کر دے بیٹی
وگرنہ جانے نہ دیتی گھر سے ترا جنازہ یتیم زینب
تمہاری بیٹی کے دل پہ بابا ابھی تو تازہ ہے داغ ماں کا
تمہاری فرقت کا کس طرح سے اٹھائے صدمہ یتیم زینب
ادھر ہے کلثوم محو گریہ ادھر تڑپتے ہیں میرے بھیا
ترے یتیموں کو کیسے بابا سنبھالے تنہا یتیم زینب
خبر نہیں تھی کہ زندگی میں یہ وقت آئے گا مجھ پہ بابا
تمہارے بیٹوں سے لے گی اک دن تمہارا پرسہ یتیم زینب
جلیں گے خیمے چھنے گا پردہ ہمارا کوئی بھی جب نہ ہوگا
اے بابا دیکھے گی کربلا میں تمہارا رستہ یتیم زینب
ہے یہ تکلم صدائے زہرا نہ اب ہیں اماں نہ اب ہیں بابا
کسے سنائے کسے بتائے گی درد اپنا یتیم زینب
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.