Sakhi Abbas Ke Hath
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Abbas (a.s) recited by Wajih Hasan Zaidi
عرش پر جبکہ بنائے گئے عباس کے ہاتھ
رب کے ہاتھوں سے سجائے گئے عباس کے ہاتھ
دست حیدر سے ملائے گئے عباس کے ہاتھ
پھر علم کر کے دکھائے گئے عباس کے ہاتھ
لوح محفوظ کا پہلے تو قلم کہلائے
آ کے دنیا میں یہی ہاتھ علم کہلائے
ہاتھ وہ ہاتھ کہ جو سارے زمانے کی ہیں آس
بن گئے قدرت خلاق علا کے عکاس
دست حیدر کی جو مانند تھے دست عباس
یک بیک قلب میں خالق کے یہ ابھرا احساس
کس سے توحید کی قسمت کو سنوارا جائے
کس کے ہاتھوں کو یداللہ پکارا جائے
شہ کی آغوش میں ہونے لگی غازی کی نمو
ساتھ عباس کو وہ رکھتے ہمیشہ ہر سو
اپنے ہاتھوں سے بناتے کبھی ان کے گیسو
دیکھ کر کہتے تھے عباس کے دونوں بازو
یہ میرا شیر ترائی میں قدم گاڑے گا
انہی ہاتھوں سے یہ پانی پہ علم گاڑے گا
دیکھتیں ثانی زہرا جو علمدار کے ہاتھ
یاد آ جاتے انہیں حیدر کرار کے ہاتھ
کبھی کہتیں کہ یہ ہیں جعفر طیار کے ہاتھ
رکھے اللہ سلامت میرے جرار کے ہاتھ
میرا دعوی ہے کہ پانی کی جو بات آ جائے
میرے عباس کے چلو میں فرات آ جائے
پوری تاریخ ہے غازی کی وفاؤں کی گواہ
بازوئے غازی تھے شبیر کی محفوظ پناہ
سامنے لڑنے کو ہو ایک کہ ہو پوری سپاہ
چھوڑنا شاہ کے دشمن کو سمجھتے تھے گناہ
ہاتھ وہ ٹوٹ گئے شہ پہ اٹھے جو جو ہاتھ
کس میں ہمت تھی کہ غازی سے کرے دو دو ہاتھ
دیں کی جانب جو اٹھے ہاتھ وہ سب توڑے ہیں
اک اشارے میں ہی طوفانوں کے رخ موڑے ہیں
ان کے ہاتھوں کے لیے لاکھوں عدو تھوڑے ہیں
ہاتھ بس پیش حسین ابن علی جوڑے ہیں
ہاتھ سرور کی اطاعت میں بندھے رہتے تھے
صرف جنگوں میں نمازوں میں کھلے رہتے تھے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.