Hai Arbaeen Shah e Shaheedan e Karbala
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Arbaeen recited by Syed Anees Abbas Qamar
ہے اربعین شاہ شہیدان کربلا
پہنچے ہیں تربتوں پہ اسیران کربلا
ماتم سے کانپتا ہے بیابان کربلا
زینب پکاری گور غریبان کربلا
لاشے پہ کر نہ پائی تھی ماتم حسین کا
آئی ہوں کرنے شام سے چہلم حسین کا
بھیا سلام زینب دلگیر کا سلام
اجڑی ہوئی بتول کی تصویر کا سلام
آئی ہے چھٹ کے قید سے ہمشیر کا سلام
شانوں پہ ہے جو ظلم کی تحریر کا سلام
اک سال قید کاٹے ہوؤں کا سلام ہے
اب تک ہماری آنکھوں میں زندان شام ہے
کس طرح سال ہم نے گزارا ہے کیا کہیں
رہ رہ کے ہم کو لوگوں نے مارا ہے کیا کہیں
زخمی بدن تمام ہمارا ہے کیا کہیں
پر دل پہ زخم اب بھی تمہارا ہے کیا کہیں
زندان میں یہ غم تھا کوئی غم نہ کر سکے
ہم سال بھر شہیدوں کا ماتم نہ کر سکے
دریا پہ جب سے سو گیا عباس باوفا
سب مان ٹوٹے ہم نے اٹھائی ہر اک جفا
یہ داغ دل پہ اور قیامت گرا گیا
عباس ہے کہاں پہ یہ کہتے تھے اشقیاء
غازی کو جب سکینہ بلاتی تھی بار بار
رخسار پر طمانچے وہ کھاتی تھی بار بار
ہر ظلم سے نہ اس کو میں بھیا بچا سکی
پیاسی رہی بھی، پیاس نہ اس کی بجھا سکی
سونپی تھی آپ نے جو امانت نہ لا سکی
افسوس نہ سکینہ رہا ہو کے آ سکی
کیا کیا بتاؤں کتنے غموں کی ستائی ہوں
زنداں میں اس کی قبر بنا کر میں آئی ہوں
سہہ روز کربلا میں ہوئی مجلس عزا
صحرا میں شور و شین کی ماتم کی تھی صدا
قبروں پہ اپنے پیاروں کی ماتم جو کر لیا
عابد نے آ کے زینب مضطر سے یہ کہا
اٹھیے پھوپھی کہ اشک وہاں بھی بہائیں گے
پیاسوں کو روتے روتے مدینے میں جائیں گے
کیونکر غریب جائے گی پردیس سے وطن
مٹی میں مل گئے سبھی زہرا کے گلبدن
اس داغ کربلائی سے ہے زندگی کٹھن
اے کاش کہ یہاں پہ ہی مر جائے یہ بہن
جا کر وطن میں حال سناؤں گی کس طرح
صغری سے اپنے زخم چھپاؤں گی کس طرح
ہے اربعین اے میرے شبیر مرحبا
پہنچی ہے قبر پر تری ہمشیر مرحبا
ہوگی یہاں پہ روضوں کی تعمیر مرحبا
اٹھ کر کہو کے زینب دلگیر مرحبا
مشہور کر کے تیری شہادت کو آئی ہوں
بابا کی میں بچا کے ولایت کو آئی ہوں
ماتم کرو کہ فصل عزا اختتام ہے
شہہ کی عزا نہیں ہے تو جینا حرام ہے
ہم ہیں حسن انیس غم ناتمام ہے
سانسیں رواں ہیں آرزوئے انتقام ہے
کیسے دلوں کے چین کو ہم الوداع کہیں
کیسے غم حسین کو ہم الوداع کہیں
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.