Hamla Hussain Ka
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Imam Hussain (a.s) recited by Mesum Kashmiri
جب کربلا میں گونجی اذان بن حسین
اٹھا صلات کے لئے زہرا کے دل کا چین
اک ایک کر کے جانب رن بھیجے نور عین
مقتل سجا کے لاشوں سے بولا نبی کا زین
اے رب ذوالجلال! ترا دیں بچاؤں گا
باطل کا سر اڑانے میں مقتل میں جاؤں گا
جونہی لب حسین سے الفاظ یہ سنے
اعدا کی جاں نکلنے لگی شہ کے خوف سے
موجیں فرات کی لگیں ساحل کو چھوڑنے
اک دوسرے سے ارض و سما بولنے لگے
ہوگا غضب سے لیس تجلا حسین کا
قہر الہی ڈھائے گا حملہ حسین کا
کیسے بیاں ہو چہرہء شبیر کا جلال
قرآں کا لا الہ کی توقیر کا جلال
اسلام کے چراغ کی تنویر کا جلال
تقدیر حق کا کاتب تقدیر کا جلال
ہر شے پہ خوف طاری ہے لرزاں ہے ٹھاٹ باٹ
نو لاکھ کو اتاریں گے سرور اجل کی گھاٹ
جونہی نکالی رن میں شہ دیں نے ذوالفقار
بھاگے قضا کے خوف سے بدنسل و بدشعار
اک وار میں ہوئی وہ بہت سوں کے آر پار
روحوں کے ساتھ جسم کئے اس نے تار تار
خود موت کے ملک کو کہاں وقت صبر تھا
میدان کربلا نہ تھا میدان حشر تھا
مقتل میں چاروں سمت نظر آ رہے تھے سر
طاری تھا خوف موت کا خود فرق موت پر
گھبرا رہے تھے سارے فرشتے یہ سوچ کر
دنیا الٹ نہ دے کہیں کرار کا پسر
ہرگز اماں ملے گی نہ بزدل کی فوج کو
دوزخ میں ڈالا جائے گا باطل کی فوج کو
آئی صدائے حیدر کرار مرحبا
پیغمبر خدا کے مددگار مرحبا
زہرا پکاریں اے مرے جیدار مرحبا
وحدت کے فخر نازش انوار مرحبا
جب آئی ارجعی کی صدا آسمان سے
پھر ذوالفقار آئی نہ باہر میان سے
رکھتے ہی تیغ شہ پہ لگے ٹوٹنے شقی
اور سیدہ کے لال پہ بے حد جفا ہوئی
تیروں کی نیزوں بھالوں کی برسات شہ پہ کی
سبط نبی سے زین فرس چھوٹنے لگی
آئی ندا فلک سے شہ مشرقین کو
یا فاطمہ! سنبھالئے مولا حسین کو
آیا زمیں کی سمت جو زہرا کا لاڈلا
تیروں نے روک رکھا تھا جسم شہ ہدا
زخموں پہ زخم سہتا رہا ابن مرتضی
جاری رہا حسین پہ تیروں کا سلسلہ
غلطاں تھا جسم خون میں مہر جبین تک
پہنچے گزر کے تیروں سے مولا زمین تک
خنجر لئے جو شمر بڑھا جانب حسین
سجدے میں تھا رسول دو عالم کا نور عین
خنجر چلا تو سن کے سکینہ کا شور و شین
مقتل میں گونجے زینب دلگیر کے یہ بین
اے رب ذوالجلال! ترا دیں بچا لیا
شاہ ارم نے تیرے لئے سر کٹا دیا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.