Yasrib Nazar Aaya
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Return to Madina recited by Nadeem Sarwar
کلثوم نے محمل کے جو پردے کو اٹھایا
اپنا تھا وطن اور پرایا نظر آیا
وہ گلیاں جہاں عون و محمد کبھی کھیلے
عبداللہ وہاں پھرتے تھے خاموش اکیلے
ہر سمت میں بچوں کا سراپا نظر آیا
منہ ڈھانپ کے رونے لگی احمد کی نواسی
ویران در و بام تھے اللہ رے اداسی
اجڑا بنی ہاشم کا محلہ نظر آیا
اجڑی ہوئی ہر مانگ تھی ہر گود تھی خالی
اصغر کا شلوکا تھا سکینہ کی تھی بالی
عباس کا پرچم بھی اکیلا نظر آیا
صغری نے خبر پائی کے لوٹ آئے مسافر
خوش ہوگئی روضے پہ نبی کے ہوئی حاضر
کیا سوچا تھا صغری نے اسے کیا نظر آیا
صغری نے کہا اماں سے کیوں گود ہے خالی
اک آہ بھری بانو نے کچھ منہ سے نہ بولی
رونے لگی جلتا ہوا جھولا نظر آیا
جس وقت رکی نانا کے روضے پہ عماری
ناقے سے گری خاک پہ وہ درد کی ماری
روتا ہوا نانا کا جو چہرہ نظر آیا
حجرے میں نظر آئے نہیں قاسم و اکبر
کہنے لگی میں چھوڑ گئی تھی یہ بھرا گھر
گھر قبر کے ماحول میں ڈھلتا نظر آیا
بن بھائی کے داخل ہوئی جو اپنے ہی گھر میں
غش آگیا طاقت نہ رہی قلب و جگر میں
بے گور و کفن بھائی کا لاشہ نظر آیا
اے سرور و ریحان غم شاہ ہدی سے
سیدانیاں اٹھیں نہ کبھی فرش عزا سے
آنکھوں میں لہو ہونٹوں پہ نوحہ نظر آیا
بستر تو وہاں عون و محمد کے سجے تھے
اور ساتھ میں اصغر کے کھلونے بھی رکھے تھے
لیکن نہ کوئی کھیلنے والا نظر آیا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.