Aye Khuda Aisa Pisar De Jo Mera Sani Ho
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Abbas (a.s)
اے خدا ایسا پسر دے جو مرا ثانی ہو
نام عباس ہو وہ شیر نیستانی ہو
ہاتھ اس کا بھی ید قوت یزدانی ہو
اس کا حملہ بھی مری طرح سے طوفانی ہو
ہو بہو میری طرح قافلہ سالار بنے
میں علمدار ہوں تو وہ بھی علمدار بنے
میری گفتار سی گفتار کا حامل ٹھہرے
وہ مرے جیسے ہی کردار کا حامل ٹھہرے
ہاں مرے نور کا انوار کا حامل ٹھہرے
یعنی وہ میرے ہی معیار کا حامل ٹھہرے
روپ میرا ہو شجاعت بھی مرے جیسی ہو
میرے اس شیر کی طاقت بھی مرے جیسی ہو
علم ہو ایسا کہ وہ علم کا دریا ہووے
شان ہو ایسی کہ عقلوں سے جو بالا ہووے
رعب و ہیبت میں وہ بالکل مرے جیسا ہووے
اور وفا ایسی کہ کونین میں چرچہ ہووے
عاشق ناطق قرآن ہو بیٹا میرا
تیری حجت کا نگہبان ہو بیٹا میرا
وہ جیئے تو جیئے زہرا کے پسر کی خاطر
آرزوئے دل سرور کے ثمر کی خاطر
تیرے محبوب کی آنکھوں کی نظر کی خاطر
یعنی شبیر سے معراج بشر کی خاطر
خاطر ابن نبی زیست کا ساماں دے دے
حکم زہرا کا پسر دے دے تو وہ جاں دے دے
یہ دعا پوری ہوئی حق سے دلاور پایا
اپنے معیار پہ حیدر نے برابر پایا
اپنے کردار سے کردار کا پیکر پایا
یعنی خود حیدر کرار نے حیدر پایا
جو دعا مانگی تھی حیدر نے اسی جیسا تھا
ہو بہو سر تا پا عباس، علی جیسا تھا
جب لیا گود میں حیدر نے کہا بسم اللہ
میرے ارمان جگر میری دعا بسم اللہ
میرے خورشید و قمر میری ضیاء بسم اللہ
اے مرے لخت جگر میری ادا بسم اللہ
خوب جچتا تھا در علم کو گل یاسم کا
چاند کی گود میں تھا چاند بنی ہاشم کا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.