Aajaiye Mola
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Mehdi (a.s) recited by Askari Hasan Zaidi
ہے بے کسوں کی صدا آ بھی جائیے مولا
بڑا اندھیرا ہے جلوہ دکھائیے مولا
زمانہ قاتل و خونخوار ہے ستمگر ہے
اکیلے ہم ہیں یہاں ظالموں کا لشکر ہے
جو ذوالفقار علی ہے چلائیے مولا
ابھی تو درد کے دریا میں دل ڈبونا ہے
ابھی تو پیاسے مسافر پہ گھل کے رونا ہے
ہمیں حسین کے غم میں رلائیے مولا
ستم شعار کے حربے نئے جفا ہے نئی
یزید و شمر نئے جنگ کربلا ہے نئی
تو آپ آ کے نئے حر بنائیے مولا
ابھی تو کعبہ میں فرش عزا بچھانا ہے
وہیں پہ پرچم عباس بھی سجانا ہے
سبیل کعبہ پہ زم زم پلائیے مولا
حرم کے صحن میں جب ذکر کربلا ہوگا
ہم اہل درد کا اس روز حج ادا ہوگا
بس آپ جلد یہ منظر دکھائیے مولا
ہماری صبح کو بے چارگی نے گھیرا ہے
بغیر آپ کے دنیا میں گھپ اندھیرا ہے
اب آ کے شمع امامت جلائیے مولا
یہ پر بہار فضاؤں کا کیا کروں آقا
بغیر آپ کے دنیا میں دل نہیں لگتا
بس اب ظہور کا گلشن سجائیے مولا
تمام داغ جگر کے دکھا دیئے ہم نے
ہزاروں لاکھوں عریضے بہا دیئے ہم نے
اب اپنے فیض کے دریا بہائیے مولا
ہمارے پاؤں میں چھالے ہیں تھک گئے ہیں ہم
جو سیدھی راہ ہے اس سے بھٹک گئے ہیں ہم
ہیں گمشدہ ہمیں رستہ دکھائیے مولا
وہ شیر نر کہ وفادار ہے لقب جس کا
کیا فرات کی ہر موج نے ادب جس کا
اسی جری کا علم لے کے آئیے مولا
سنا ہے آپ کا پورا بدن سسکتا ہے
غم حسین میں آنکھوں سے خوں ٹپکتا ہے
ہمیں بھی خون کے آنسو رلائیے مولا
غلام آپ کے ہیں بے خودی کی حالت میں
پڑا ہوا ہے مصدق بھی خواب غفلت میں
اسے جھنجھوڑیئے اس کو جگائیے مولا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.