Mardum chashm mere deeda-e-purnam mein rahe
Noha Lyrics & Urdu Writeup on General
مردم چشم مرے دیدہء پرنم میں رہے
خاک اچھے ہوں وہ بیمار جو شبنم میں رہے
خلق مصروف عزا شاہ کے ماتم میں رہے
ہم رہیں غم میں سدا مجریء غم ہم میں رہے
دست مژگاں میں سدائے میر سرشک ماتم
سبحہ عیسی کی طرح پنجہء مریم میں رہے
غم سرور کی عبادت کا مہینہ ہے یہ
شامل آب وضو اشک محرم میں رہے
دور عالم میں فقط خانہ نشینی دیکھی
ہم نگینے کی طرح حلقہء خاتم میں رہے
دل میں درد اشک عزا دیدہء پرنم میں رہے
غم محرم میں رہے مجریء ہم غم میں رہے
سر کھلے فاطمہ جب مجلس ماتم میں رہے
چاہئے آنکھ پہ رومال محرم میں رہے
مجریء ہم غم سلطان دو عالم میں رہے
صورت شمع عزا حلقہء ماتم میں رہے
سوزن حضرت عیسی کی طرح سے خامہ
وصف زینب کے سبب رشتہء مریم میں رہے
فکر معنی بھی رہی فکر سخن میں ناظم
ہم جس عالم میں رہے اور ہی عالم میں رہے
آنکھ میں رہ کے رہے اشک جلائے مردم
یہ بھی عیسی کی طرح دامن مریم میں رہے
متکلم ہیں رہی فکر دلیل اعلی
حجت اللہ کے ہم منتظر عالم میں رہے
ماتم آل محمد کی صفوں پر ہے قائم
صاحب امر کے محکوم ہی عالم میں رہے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.