Rukhsat e Hussain
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Alwidaii recited by Mehdi Rizvi
باہر بہن کے خیمے سے نکلا علی کا لعل
پھر چاروں سمت دیکھ کے رویا علی کا لعل
دے کر صدا یہ غازی سے بولا علی کا لعل
کیسے سوار ہو؟ ہے اکیلا علی کا لعل
کرنے سوار کوئی نہ آیا حسین کو
بہنوں نے پھر سوار کرایا حسین کو
مقتل میں تنہا رہ گیا بیٹا بتول کا
اور کوئی بھی سہارا نہ شبیر کا بچا
رخصت بہن سے لینے کو بھائی جب آگیا
پھر چوم کر بہن کی ردا شاہ نے کہا
کرتا ہوں میں خدا کے حوالے تمہیں بہن
وعدہ نبھانے جانا ہے اپنا ہمیں بہن
کر کے حوالے بیٹی کو زینب کے پھر چلے
لے کر علی نام شہہ کربلا لڑے
لڑتے ہوئے حسین زمیں پر جو گر پڑے
چاروں طرف سے مارنے کفار آگئے
جو خالی ہاتھ مارنے آیا حسین کو
اس نے طمانچے مارے ہیں مولا حسین کو
پہلے لگام گھوڑے کی تھامی حسین نے
پھر وجہ اس کے رکنے کی پوچھی حسین نے
اب جو نظر زمین پہ ڈالی حسین نے
فریاد کرتی بچی یہ دیکھی حسین نے
اپنے قدم نہ آگے بڑھاؤ اے ذوالجناح
بابا کو میرے لے کے نہ جاؤ اے ذوالجناح
قنبر جو پھر حسین نے سجدہ ادا کیا
خنجر وہ کند شمر وہاں لے آگیا
نبیوں نے اپنی آنکھوں پہ ہاتھوں کو رکھ لیا
شبیر کے گلے پہ جو خنجر رواں ہوا
ظالم نے تیرہ ضربوں سے مارا حسین کو
زینب نے دل کو تھام کے دیکھا حسین کو
زخمی حسین ایسے چلے قتل گاہ تک
اٹھے کبھی زمیں پہ گرے قتل گاہ تک
غازی کا نام لیتے رہے قتل گاہ تک
ہئے گھٹنوں کے بل ہیں گئے قتل گاہ تک
قدموں میں جان اور نہ آنکھوں میں نور تھا
زخموں سے شہہ کا سارا بدن چور چور تھا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.