Umm-e-Kulsoom
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup recited by Rizwan Zaidi
آیت رب کا اک عنوان ہیں ام کلثوم
دل زہرا کا ہی ارمان ہیں ام کلثوم
کربلا ہی کی نگہبان ہیں ام کلثوم
سر بہ سر سورہ رحمن ہیں ام کلثوم
اوج پر صاحب مسند ہی نظر آئی ہیں
یہ تو زینب کو بھی زینب ہی نظر آئی ہیں
مثل زینب ہیں ولایت کا اثاثہ یہ بھی
برسر شام سناتی گئیں خطبہ یہ بھی
مثل زینب ہی علی کا ہیں سراپا یہ بھی
چھوٹی زینب ہیں سو ہیں ثانی زہرا یہ بھی
آیت زینب کبری کے معانی کلثوم
جس کا ثانی ہی نہیں اس کی ہے ثانی کلثوم
پیکر سیدہ زہرا میں ڈھلی ہیں کلثوم
گود میں ام ابیہا کے پلی ہیں کلثوم
باغ توحید و رسالت کی کلی ہیں کلثوم
رب حیدر کی قسم رب کی ولی ہیں کلثوم
وار باطل کا خود اس پر ہی پلٹ سکتی ہے
یہ بھی زینب کی طرح شام الٹ سکتی ہے
کاتب لوح کی تحریر ہیں ام کلثوم
ثانی زینب دلگیر ہیں ام کلثوم
کربلا خواب ہے تعبیر ہیں ام کلثوم
یعنی عباس کی ہمشیر ہیں ام کلثوم
ایک ہی لہجے میں سب رب کے ولی بولتے ہیں
یہ بھی جب بولیں تو لگتا ہے علی بولتے ہیں
سیدہ زہرا کا اظہار ہیں ام کلثوم
صبر کا مطلع انوار ہیں ام کلثوم
نور توحید سے سرشار ہیں ام کلثوم
شیر اللہ کی تلوار ہیں ام کلثوم
آیت رب تھی سو جزدان سے نکلی ہی نہیں
یہ وہ تلوار ہے جو میان سے نکلی ہی نہیں
دونوں بہنیں رخ توحید کی تنویریں ہیں
کربلا والوں کے سب خوابوں کی تعبیریں ہیں
ان کے باعث ہی تو اسلام کی توقیریں ہیں
ایک قرآن شہادت کی یہ تفسیریں ہیں
عکس توحید کی عکاس نظر آتی ہے
اک علی دوسری عباس نظر آتی ہے
دونوں بہنوں کا سخن ایک ہے گفتار ہے ایک
ان کی رگ رگ میں رواں خون کی رفتار ہے ایک
ایک ہی عزم شجاعت بھی ہے کردار ہے ایک
ہستیاں دو ہیں مگر دونوں کا اظہار ہے ایک
ہر طرف شام میں جو موت کے یہ سائے ہیں
دو علی شام الٹنے کے لئے آئے ہیں
کوئی سمجھا ہی نہیں نور علی ان کا مقام
ذہن انساں پہ نہیں کھل سکا ان کا الہام
بس اسی بات پہ کر نور علی بات تمام
اک بہن فاتح کوفہ ہے تو اک فاتح شام
دیں جو زندہ ہے تو اس دیں کی جلا ہیں دونوں
یعنی حیدر کی نمازوں کا صلہ ہیں دونوں
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.