Hussain Ka Akbar
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Ali Akbar (a.s) recited by Raza Abbas Zaidi
حکم خالق ہے کے ہونا ہے نزول اکبر
حسن ہی حسن نظر آئے جدھر جائے نظر
سج گئے دونوں جہاں کتنا حسیں ہے منظر
بچھ گیا فرش پہ جب عرش بریں تب جاکر
ام لیلی کی تمناؤں کا محور اترا
نور کے سائے میں شبیر کا اکبر اترا
عرش سے فرش پہ ہر رخ سے کمال آتا ہے
گھر میں شبیر کے شبیر کا لال آتا ہے
فرش پر بن کے محمد کی مثال آتا ہے
اس کی خلقت کا جو سوچو تو خیال آتا ہے
سامنے پہلے محمد کو بٹھایا ہوگا
پھر خدا نے علی اکبر کو بنایا ہوگا
پائی جب آمد اکبر کی خبر زینب نے
مسکراتے ہوئے کی راہ بسر زینب نے
شمس کی گود میں دیکھا جو قمر زینب نے
خود ستاروں سے اتاری ہے نظر زینب نے
بھائی سے بولی بہن نیک سمجھ کر دیدو
میری آغوش میں بھیا میرا اکبر دیدو
باپ سے بیٹے کی جب پہلی ملاقات ہوئی
آنکھوں آنکھوں میں حسینوں کی حسیں بات ہوئی
نور اکبر کے اجالوں میں بسر رات ہوئی
دیکھا شبیر نے چہرہ تو ادا نعت ہوئی
جیسا چاہا تھا ملا ہے مجھے بیٹا ویسا
میرا اکبر تو نظر آتا ہے نانا جیسا
دیکھا عباس نے چہرا جو علی اکبر کا
بولے اک اور سپاہی میرے لشکر کو ملا
رعب آنکھوں میں نظر آیا جو اپنے جیسا
کمسنی میں یہ چلن دیکھ کے غازی نے کہا
کیسے تلوار چلاتے ہیں سکھاؤں گا اسے
دیکھنا ثانی عباس بناؤں گا اسے
لے کے آغوش میں زینب نے کہا کیا کہنے
تیرا چہرا تیری ہر ایک ادا کیا کہنے
تیری آنکھوں میں نظر آئے خدا کیا کہنے
خود یہ قرآن بھی دیتا ہے صدا کیا کہنے
جب سے گھر آیا ہے تو حسن مثالی بن کر
چاند دہلیز پہ بیٹھا ہے سوالی بن کر
دیکھو ذیشان و رضا کیسا شباب آیا ہے
نوجوانی کے گلستاں میں گلاب آیا ہے
اس لیے چہرہ اکبر پہ نقاب آیا ہے
کوئی نا کہہ دے محمد کا جواب آیا ہے
ساتھ شبیر کے اکبر جو کہیں جاتے ہیں
اس کے دیدار کو یوسف بھی چلے آتے ہیں
کہا شبیر نے سجاد سے آؤ دیکھو
علی اکبر کی نظر ڈھونڈ رہی ہے تم کو
چھوٹے بھائی کے قریب آیا بڑا بھائی تو
مسکراتے ہوئے اکبر سے کہا کیسے ہو
ہے قسم حسن کی تو اتنا حسیں ہے اکبر
تیرے چہرے سے نظر ہٹتی نہیں ہے اکبر
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.