Chal Ae Qalam Kaneez e Khuda Ka Kalaam Likh
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Fatema (s.a) recited by Wajeeh Hasan Zaidi
چل اے قلم کنیز خدا کا کلام لکھ
لکھ اے ثنا شعار بصد احترام لکھ
توصیف بنت حضرت خیرالانام لکھ
مدح جناب فاطمہ عالی مقام لکھ
ایسا کلام لکھ کہ متن جھومنے لگے
قرطاس آج نوک قلم چومنے لگے
مصروں کو آج سورہ مدحت میں ڈھال دے
میرے تخیلات کو لفظی جمال دے
جو حرف درج کر اسے اوج کمال دے
وہ منقبت رقم ہو کہ دنیا مثال دے
شہزادی بہشت کے سرتاج داد دیں
سن کر کلام صاحب معراج داد دیں
اب لکھ ذرا تعارف شہزادی ارم
جن کے کرم کو کہتے ہیں اللہ کا کرم
توحید کا حجاب ہے یہ ذات محترم
ہم کو یہ فخر ہے کہ ہیں حبدار ان کے ہم
وحدانیت شناس خدا کا غرور ہیں
جو نور کبریا کا ہے یہ اس کا نور ہیں
سب ملکیت ہے آپ کی تاحد خشک و تر
سکہ انہی کا چلتا ہے مابین بحر و بر
موضوع سمیٹ دیتا ہوں القصد مختصر
توحید کردگار کا مسکن ہے ان کا گھر
قرآن ان کی فکر عمل دینیات ہے
زہرا کی منقبت ہی تو دراصل نعت ہے
یہ نور کردگار کی آنکھوں کا نور ہیں
یہ بنت مصطفی ہیں علی کا غرور ہیں
یہ عالمہ ہیں نیک خرد باشعور ہیں
یہ رجس سے نفاق پرستی سے دور ہیں
اقوال ان کے آیہ قرآن سے کم نہیں
ان کی ثنا عبادت یزداں سے کم نہیں
خود معجزہ ہیں آپ کے بابا ہیں معجزہ
شوہر علی ولی بھی سراپا ہیں معجزہ
بچے حسن، حسین بھی گویا ہیں معجزہ
اور بیٹیاں بھی مثل ابیہا ہیں معجزہ
سارا ہی خاندان علیہ السلام ہے
کن کیا ہے ان کی جنبش ابرو کا نام ہے
یہ صادقہ ہیں ان پہ صداقت کو ناز ہے
یہ طاہرہ ہیں ان پہ طہارت کو ناز ہے
یہ عابدہ ہیں ان پہ عبادت کو ناز ہے
یہ سیدہ ہیں ان پہ رسالت کو ناز ہے
فرمان مصطفی ہے جو ان کو ستائے گا
وہ کوئی بھی ہو سیدھا جہنم میں جائے گا
ان کے عدو کو دونوں جہاں میں اماں نہیں
ان کا عدو پلید ہے کوئی گماں نہیں
جس پر بھی راز سورہ کوثر عیاں نہیں
ایسے بشر کا ہوتے ہوئے بھی نشاں نہیں
یہ فیصلہ خدا کا ہے کہنا علی کا ہے
دشمن جو فاطمہ کا ہے دشمن نبی کا ہے
ان کے کرم کے فیض زمانے میں عام ہیں
جو صاحب شعور ہیں ان کے غلام ہیں
سب عظمتیں بقول خدا ان کے نام ہیں
یہ مادر حسین علیہ السلام ہیں
دارین میں نفاذ شریعت انہی سے ہے
باقی علی ولی کی ولایت انہی سے ہے
سورج کو طاہرہ کی زیارت کا شوق تھا
سورج کو صابرہ کی زیارت کا شوق تھا
سورج کو فاطمہ کی زیارت کا شوق تھا
سورج کو سیدہ کی زیارت کا شوق تھا
دیکھی جو نور حق کی تجلی نقاب میں
گھبرا کے دھوپ لوٹ گئی آفتاب میں
اے بنت مصطفی کچھ ایسا نظام ہو
ہر لفظ میرے تابع ہو میرا غلام ہو
یاسر رضا کا بزم ہنر میں مقام ہو
توقیر ہو وقار ہو رتبہ ہو نام ہو
صدقے میں میر انیس کے وہ فکر ہو عطا
سن کر کہیں دبیر میرے شعر مرحبا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.