Quran Zaban e Haq Se Pukara Basad Adab
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Ali (a.s) recited by Nadeem Karbalai
قرآں زبان حق سے پکارا بصد ادب
ایماں کا سلسلہ ہے، یہ رشتہ بحکم رب
دولہا دہن خدا و نبی کے ہیں منتخب
رکھتے ہیں دونوں اشرف و اعلی حسب نسب
ان کے یہ کفو ہیں تو وہ ان کی نظیر ہیں
وہ سیدہ ہیں اور یہ جناب امیر ہیں
دل سے دعائیں دینے لگے صاحب ولا
پھولیں پھلیں جہاں میں زہرا و مرتضی
اشعار تہنیت کا ہوا شور جا بجا
کی مقتضائے حال نے حضرت سے التجا
ہے لطف بوستان جناں کی شمیم کا
سن لیجیئے حضور یہ سہرا بسیم کا
احکام کارساز کا سہرا علی کے سر
قدرت کے امتیاز کا سہرا علی کے سر
اسرار بے نیاز کا سہرا علی کے سر
روزے کا اور نماز کا سہرا علی کے سر
سہرا ہے فرق پاک پہ عہد الست کا
سہرا علی کے سر ہے بتوں کی شکست کا
اسلام کی کمائی کا سہرا علی کے سر
عالم کی پیشوائی کا سہرا علی کے سر
قدرت کی رونمائی کا سہرا علی کے سر
زہرا کی کتخدائی کا سہرا علی کے سر
سہرا ہے فرق پاک پہ خالق کی چاہ کا
سہرا ہے سر پہ اشہد ان لا الہ کا
اسلام کے وقار کا سہرا علی کے سر
احمد کے افتخار کا سہرا علی کے سر
قدرت کے اختیار کا سہرا علی کے سر
توحید کردگار کا سہرا علی کے سر
سہرا ہے فرق پاک پہ اسمائے ذات کا
سہرا علی کے سر ہے خدا کی صفات کا
تنویر ذوالجلال کا سہرا علی کے سر
معبود کے جمال کا سہرا علی کے سر
کفار کے زوال کا سہرا علی کے سر
اسلام کے کمال کا سہرا علی کے سر
پایا ہوا نبی سے خدا سے چنا ہوا
نعمت کے خاتمے کا ہے سہرا بندھا ہوا
تنزيل قل کفی کا ہے سہرا علی کے سر
معراج هل اتی کا ہے سہرا علی کے سر
لا سیف و لافتی کا ہے سہرا علی کے سر
تطهیر و انما کا ہے سہرا علی کے سر
مل کر خدا، رسول نے دولہا بنایا ہے
قرآں کا سہرا آل کی کشتی میں آیا ہے
سہرا علی کے سر ہے خدا کے کلام کا
سہرا علی کے سر ہے قعود و قیام کا
سہرا علی کے سر ہے محمد کے نام کا
سہرا علی کے سر ہے درود و سلام کا
سب کی گرہ کشائی کا سہرا علی کے سر
المختصر خدا کا ہے سہرا علی کے سر
لو عقد کے تمام مراحل ہوئے تمام
عورات میں ہے آرسی مصحف کا اہتمام
لایا ہے عرش، لوح کا آئینہ لا کلام
عصمت ادھر ہے بیچ میں قرآں ادھر امام
آنکھیں رسول کی ہیں علی کی نگاہ میں
عین خدا ہے بنت نبی کی نگاہ میں
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.