Fatimah Kya Hain Yeh Dareen Ke Maula Se Sunein
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Fatema (s.a) recited by Mir Sajjad Mir
فاطمہ کیا ہیں یہ دارین کے مولا سے سنیں
اور حیدر کی ثناء فاطمہ زہرا سے سنیں
گفتگو کرتے ہیں آپس میں علی و زہرا
مرتضی بولے بتول آپ ہیں عزت میری
آپ زوجہ ہیں میری یہ ہے فضیلت میری
دست خالق ہوں مگر آپ ہیں طاقت میری
ہاں فقط آپ ہیں دنیا میں ضرورت میری
سوچتا ہوں کہ نمازوں میں دعا کیا مانگوں
آپ کے بعد خدا سے میں بھلا کیا مانگوں
فاطمہ بولیں علی آپ کے منصب ہیں بڑے
دہر میں آنا تھا تو گھر میں خدا کے اترے
مرتبے آپ کے جیسے نہ رسولوں کو ملے
آپ کے بابا کے احسان ہیں ہم پر کتنے
بچپنے ہی سے سنبھالا ہے میرے بابا کو
آپ کے بابا نے پالا ہے میرے بابا کو
بولے حیدر یہ دو عالم تیرا صدقہ زہرا
عرش سے اترا ہے تیرے لئے زہرہ زہرا
تیری دہلیز ہے سدرہ کا علاقہ زہرا
یہاں بچھتا ہے تہجد کا مصلی زہرا
بس محمد پے تعظیم کھڑے رہتے ہیں
ورنہ سب انبیاء سجدے میں پڑے رہے ہیں
فاطمہ بولیں میں قربان میرے آقا پر
ختم ہے منزل عرفان میرے آقا پر
فخر خود کرتا ہے رحمان میرے آقا پر
بابا جاں دیتے ہیں خود جان میرے آقا پر
بات بابا نے یہ اصحاب کو بتلائی ہے
تم تو نوکر ہو مگر میرا علی بھائی ہے
مرتضی بولے فقط مصدر عصمت تم ہو
حجت اللہ جو ہیں ان پہ بھی حجت تم ہو
حلقہ وصل رسالت و امامت تم ہو
میں ہوں حق پر تو میرے حق کی شہادت تم ہو
کون دربار میں پیغام الہی دیتا
تم نہ ہوتی تو میری کون گواہی دیتا
بولیں زہرا میں زمانے کی خبر جانتی ہوں
اس ہتھیلی کی طرح عالم زر جانتی ہوں
خاک سے کس طرح بنتا ہے بشر جانتی ہوں
دست خالق کے میں ہاتھوں کا ہنر جانتی ہوں
معجزہ برسر افلاک دکھایا تم نے
میں نے خود دیکھا ہے آدم کو بنایا تم نے
بولے حیدر نہیں شک اس میں ذرا سا زہرا
آپ ہیں علم لدنی کا اثاثہ زہرا
آپ کو یاد ہے سب لوح کا لکھا زہرا
وہ بھی معلوم ہے جو کچھ نہیں ہوگا زہرا
جتنا اللہ نے نبیوں کو پڑھا رکھا ہے
اتنا تو آپ نے فضہ کو بتا رکھا ہے
فاطمہ بولیں میرے مالک و مختار علی
خادمہ ہوں میں تیری تو میرا سردار علی
تجھ پہ سو جان سے قربان ہوں سو بار علی
فاطمہ سب سے بڑی ہے تیری حقدار علی
تیری عظمت یوں زمانے کو دکھائے زہرا
تیری نعلین کو ہاتھوں پہ اٹھائے زہرا
تیری قسمت کے پیمبر بھی ثناء خوان ملے
اب کسی ماں کو بھی ممکن نہیں یہ شان ملے
بحر عصمت سے تجھے لولو و مرجان ملے
تجھ کو حجرے میں تیرے بولتے قرآن ملے
کب ابراہیم کے ورثے میں یہ عزت آئی
تیرے ہر بیٹے کے حصے میں امامت آئی
میر سجاد علی کہتے تھے ہر بار یہی
ایک ہے فاطمہ اور ایک ہے دنیا میں علی
میرے جیسا نہ ہے کوئی نہ ہے تم سا کوئی
اک حقیقت کہاں معلوم ہے دنیا کو ابھی
وقت مشکل کہاں دنیا سے مدد لیتا ہے
بس علی فاطمہ زہرا سے مدد لیتا ہے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.