Hayya Alal Ghadir
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Ghadeer recited by John Rizvi
تھا قافلہ سفر میں دعائے خلیل کا
باقی تھا اہم کام ابھی جبرائیل کا
کامل نہ تھا تعارف الہی سبیل کا
پیغام نا تمام تھا رب جلیل کا
آخر نبی کو آیت مسعود مل گئی
اہل ولا کو منزل مقصود مل گئی
تخلیق کائنات کے پل سے غدیر تک
آواز کن فکاں کے محل سے غدیر تک
کیا کیا نہ دیکھے وقت نے جلسے غدیر تک
ایسا مگر نہ دیکھا ازل سے غدیر تک
صحرائے خم میں عرش کے سارے مکیں ہے آج
لگتا ہے آسمان کے اوپر زمیں ہے آج
میں مصطفی ہوں اور میری تصویر ہے علی
میں ہوں کتاب حق میری تفسیر ہے علی
میں پیکر دعا میری تاثیر ہے علی
میں دین کی سپر میری شمشیر ہے علی
سایہ ہوں میں علی کا علی میرا سایہ ہے
لا شہ سے لاشریک نے ہم کو بنایا ہے
بولے نبی کہ عین فضیلت کا وقت ہے
نفس خدا کے در پہ عبادت کا وقت ہے
وجہ خدا کے رخ کی زیارت کا وقت ہے
دست خدا کے ہاتھ پہ بیعت کا وقت ہے
جلدی کرو کہ آج یہ مہلت تمام ہے
ورنہ تمہاری کل سے عبادت حرام ہے
دین خدا اطاعت حیدر کا نام ہے
صوم و صلوۃ سیرت حیدر کا نام ہے
ایمان کیا ہے الفت حیدر کا نام ہے
قرآن کیا ہے مدحت حیدر کا نام ہے
میرا نہیں بیان یہ رب جلی کا ہے
ملعون ہے وہ شخص جو منکر علی کا ہے
ہر فعل ہر عمل میں مرا رازداں علی
ہر گام ہر قدم پہ مرا پاسباں علی
معراج کے سفر میں مرا سائباں علی
میں مہماں تھا رب کا مگر میزبان علی
اپنی کبھی زباں کبھی چہرہ بنا لیا
رب نے بھی مرتضی کو وسیلہ بنا لیا
آیا نظر جو دشمن کعبہ غدیر میں
اللہ نے نبھا دیا وعدہ غدیر میں
پتھر تھا اور سر تھا عدو کا غدیر میں
گویا اتارا فیل کا سورہ غدیر میں
اک ابر ہائے وقت تھا سنگسار کر دیا
منکر غدیر خم کا تھا فی النار کر دیا
سن لو کہ کائنات کا قبلہ ہے مرتضی
یہ جان لو کہ کعبے کا کعبہ ہے مرتضی
پہچان لو کہ حق کا اجالا ہے مرتضی
میری طرح ہر ایک کا مولا ہے مرتضی
منکر علی کے کلمہ توحید چھوڑ دے
رحمان سے بھی رحم کی امید چھوڑ دے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.