Moula Mera Ya Ali Moula Mera
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Imam Ali (a.s) recited by Sibtein Haider
مولا میرا، یاعلی مولا میرا
مولا میرا، یاعلی مولا میرا
جان من شاہ زمن نور ازل شیر خدا
یہ ہے اللہ کی ہر ایک جھلک سے واقف
یہ زمیں سے بھی زیادہ ہے فلک سے واقف
سب کے ایمان سے شجروں سے نمک سے واقف
چاند کی روشنی تاروں کی چمک سے واقف
یہ جو چاہے تو زمیں عرش سے اوپر رکھدے
خاک بوسہ لے قدم اپنے جہاں پر رکھدے
اس کی ہر بات الگ شان بھی سب سے ہے جدا
میرے مولا کا زمانے میں جو دیوانہ ہے
عشق حیدر میں ولایت کا وہ پروانہ ہے
تو نے حیدر کو بلا فصل اگر مانا ہے
میرا دعوی ہے کہ جنت میں تجھے جانا ہے
جس طرح کی ہے محمد سے محبت واجب
ہے اسی طرح سے حیدر کی ولایت واجب
خلق میں بعد خدا بعد نبی سب سے بڑا
تیرے رتبے تیرے اوصاف بلند و بالا
تو حقیقت میں کمالات میں سب سے اعلی
اس کا بیٹا ہے تو وہ جس نے محمد پالا
دونوں عالم کو تو ہی تو ہے بنانے والا
ہاں یداللہ کا بس تجھ پہ لقب سجتا ہے
کب تیری تیغ کے حملے سے کوئی بچتا ہے
جب سے جانا ہے تجھے بس ہے یہی ورد مرا
ہائے انیسویں رمضان وہ غربت کی گھڑی
پیار بچوں کو کیا گھر سے چلے مولا علی
رکھا مسجد میں قدم ہائے زمیں رونے لگی
جب ہوا فجر کا آغاز قیامت گزری
دوسرے سجدے میں تلوار چلی مولا پر
ابن ملجم نے کیا وار شکستہ ہوا سر
اور سجدے میں صدا دیتے رہے شیر خدا
ہاں علی کہنے لگے سامنے آؤ اے حسن
سر اٹھاتا ہوں نہیں اٹھتا اٹھاؤ اے حسن
جب اٹھایا تو علی نے کہا جاؤ اے حسن
دیکھو باقی ہے ابھی فجر پڑھاؤ اے حسن
میری حالت کے سبب کیسے ادھوری ہو نماز
میرے بیٹے کی امامت میں ہی پوری ہو نماز
جب ادا فجر ہوئی کرتا رہا شکر ادا
رو کے بیٹوں سے کہا بیٹیاں یاد آتی ہیں
میں جو گھر دیر سے پہنچوں تو وہ گھبراتی ہیں
وہ ردا اوڑھ کے دروازے پہ آجاتی ہیں
جب تلک دیکھ نہ لیں چین کہاں پاتی ہیں
پھر علی کہنے لگے ہائے چلو گھر کی طرف
گھر سے زینب نہ نکل آئے چلو گھر کی طرف
آج ہونے کو ہے کوفے میں قیامت برپا
گھر علی پہنچے تو کہرام اٹھا واویلا
ہائے ذیشان یہ دن سب پہ قیامت لایا
آکے جبرئیل نے کوفے میں سنایا نوحہ
بیٹیاں روئیں جو سر باپ کا زخمی دیکھا
ہائے کوفے کے یتیموں کا سہارا نہ رہا
ہائے علی مارے گئے، ہائے علی مارے گئے
دن گزرتے گئے اکیسویں کا دن نکلا
شور اٹھتا تھا کہ عباس کا بابا نہ رہا
ہائے علی مارے گئے، ہائے علی مارے گئے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.