Aja Meri Jaan Sakina
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Sakina (s.a) recited by Raza Abbas Zaidi
زخمی کانوں پہ ہاتھوں کو رکھے ہوئے
نکلی خیموں سے اک بچی روتی ہوئی
اس کا گرتا جلا سرخ رخسار تھا
بابا بابا کی وہ دے رہی تھی صدا
ہائے بابا ہائے بابا
ہائے لرزہ تھا اس کے ہاتھوں میں
باپ کو ڈھونڈتی تھی لاشوں میں
جب وہ بابا کو ڈھونڈ نہ پائی
ایک لاشے سے یہ صدا آئی
آجا میری جان سکینہ تو کہاں ہے، تیرا بابا یہاں ہے
ایسے گھبرا نہیں میری بچی
ہے تیرا بابا تیرے ساتھ ابھی
ڈھونڈ لاشوں میں ایک لاش ایسی
جس کی اک انگلی کٹی ہے بیٹی
سن کے سکینہ نے کہا بابا ان ہاتھوں سے
تم نے جو تحفے میں مجھے لا کر دیئے تھے
شمر وہ گوہر لے گیا بابا کہاں ہو
خوں میرے کانوں سے بہا بابا کہاں ہو
میری آواز سن کے آجا ادھر
ہو چکا ہے میرا بدن بے سر
وار اتنے کئے گئے مجھ پر
بیٹی آ چکی ہیں میری رگیں باہر
آتے ہوئے میں نے سنا کہہ رہا تھا کوئی
پھوپھیوں کے شانوں سے میری گردن بندھے گی
چھوٹا ہے قد سب سے میرا بابا کہاں ہو
ہوگا میرا زخمی گلا بابا کہاں ہو
کیسے پہچانوں گی مجھے بولو
مل کے مارا ہے تیرے بابا کو
اے میری جان میری بات سنو
سب سے زخمی بدن تلاش کرو
مار کے جب تم کو لعیں خیموں میں آیا
بال میرے کھینچے مجھے مارا طمانچہ
زخمی ہوا چہرہ میرا بابا کہاں ہو
اتنا مجھے مارا گیا بابا کہاں ہو
کب سے جاگی ہے پاس آ میرے
آ رہی ہوگی بیٹا نیند تجھے
تو مگر سوئے گی یہاں کیسے
میرا سینہ بھرا ہے تیروں سے
تیر نکالوں گی میں خود ننھے ہاتھوں سے
بابا مگر سوؤں گی میں سینے پہ تیرے
رن میں اندھیرا ہو گیا بابا کہاں ہو
سینہ کہاں ڈھونڈوں تیرا بابا کہاں ہو
پہلی منزل ہے یہ مصیبت کی
ظلم سہنے ہیں تجھ کو اور ابھی
جو سنے گا تو ہے میری بیٹی
اور مارے گا تجھ کو اے بی بی
آپ کی بیٹی ہوں اسے جب یہ بتایا
جان کے ظالم نے میرا دامن جلایا
چھین کے لے گیا ردا بابا کہاں ہو
دیتی رہی میں یہ صدا بابا کہاں ہو
یہ بھی پہچان ہے میری سن لے
جب گرایا گیا مجھے زیں سے
یوں تو تلواریں بھی چلیں مجھ پہ
سب سے گہرے ہیں زخم نیزوں کے
نیزے کا جب نام سنا بولیں سکینہ
اس طرح خولی نے مجھے نیزے سے مارا
چہرے کے بل گرا دیا بابا کہاں ہو
یاد بہت آئے چچا بابا کہاں ہو
ڈھونڈتی ذیشان اور رضا ہر سو
آئی جس وقت باپ کی خوشبو
پونچھ کر ننھے ہاتھ سے آنسو
پہنچی لاشے پہ ہو کے بے قابو
غم جو سہے بھول گئی جب دیکھا منظر
گھوڑوں سے پامال بدن اور تھا کٹا سر
پھر نہ سکینہ نے کہا بابا کہاں ہو
اٹھ کے سنو حال میرا بابا کہاں ہو
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.