Jab khatema ba qair
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Imam Hussain (a.s) recited by Mir Murtaza Ali
جب خاتمہ بخیر ہوا فوج شام کا
کوثر پہ قافلہ گیا پیاسی سپاہ کا
گھر لٹ گیا جناب رسالت پناہ کا
خاک اڑ رہی تھی حال یہ تھا بارگاہ کا
بھائی تھے نہ رفیق نہ وہ نور عین تھے
دو بہنیں رونے والی تھیں اور اک حسین تھے
فرماتے تھے واہ یہ تاخیر ہے اجل
اکبر کے بعد زیست کا تھا کونسا محل
اب مجھکو اک برس کے برابر ہے ایک پل
موت آے اب یہ ہے شجر زندگی کا پھل
اک جا چھری گلے پہ جو چلتی تو خوب تھا
یہ جان انکے ساتھ نکلتی تو خوب تھا
ہم سب کے بعد خلق سے جانے کو رہ گئے
سر پیٹنے کو آشک بہانے کو رہ گئے
اس نوجواں کا داغ اٹھانے کو رہ گئے
پیری میں آہ ٹھوکریں کھانے کو رہ گئے
بیٹا کہاں خبر جو دم انتقال لے
اتنا نہیں کوئی کہ گروں تو سنبھال لے
ناگاہ سوے لاش پسر جا پڑی نظر
چلاے دل کو تھام کے سلطان بحروبر
سوتے ہو کیا دھرے ہوئے رخسار خاک پر
اکبر اٹھو کہ گھوڑے سے گرتا ہے اب پدر
بھولے پدر کو نیند میں قربان آپ کے
آؤ نماز عصر پڑھو ساتھ باپ کے
عباس نامدار ترای سے اٹھ کے آؤ
پھٹتا ہے قلب جل رہے ہیں اب جگر کے گھاؤ
چھڑکو میری زرہ پہ جو پانی کہیں سے پاؤ
چلتے ہوئے ادم کے مسافر سے ملتے جاؤ
غفلت کی تم کو نیند ہے شبیر کیا کرے
میری طرح کسی کو نہ بیکس خدا کرے
چلاے فوج کے پسر سعد نابکار
لو گھیر لو حسین کو سب مل کے ایک بار
پلٹے پڑے سواروں کے لے کر رسالہ دار
دو غول باندھے آے کماں دار دس ہزار
تیر افغنوں میں تیغوں میں بھالوں میں گھر گئے
بیکس حسین برچیوں والوں میں گھر گئے
سید کے مرتبے کو نہ جانا ہزار حیف
تیروں سے صدرِ پاک کو چھانا ہزار حیف
شانے تھے ناوکوں کا نشانہ ہزار حیف
مظلوم کا وہ برچیاں کھانا ہزار حیف
ٹوٹے تھے سب رسول کے پیارے حسین پر
کیا وقت پڑ گیا تھا تمہارے حسین پر
گرتے ہیں آپ اور سنبھالے کوئی نہیں
سینے سے کون تیر نکالے کوئی نہیں
سب مر چکے ہیں چاہنے والے کوئی نہیں
بے جاں پڑے ہیں گود کے پالے کوئی نہیں
بے دس پڑے ہیں آپ زور سپاہ عدو کا ہے
منہ جس کا دیکھتا ہوں وہ پیاسہ لہو کا ہے
فضہ نے جاکے خیموں میں بیوءں کو دی خبر
ہاے ہاے میرے خزادے کا کٹتا ہے تن سے سر
بستر سے اٹھ کے گر پڑے سجاد نوحہ گر
خیمے سے نکلی بیبیاں بچوں کو چھوڑ کر
ہلتا تھا عرش حضرت زینب کے بین سے
گر گر کے دوڑتی تھی کہ ملوں حسین سے
چلاتی تھی ارے میرا بھائی ہے کس طرف
لوٹی ہوئی علی کی کمائی ہے کس طرف
دریا کدھر ہے خوں کا ترای ہے کس طرف
سونے کی جا حسین نے پای ہے کس طرف
رستہ دے اے زمیں کہ فلک کی ستای ہوں
میں اپنے پیارے بھائی سے ملنے کو آی ہوں
میں سیدہ ہوں رحم کرو لاش کو بتاؤ
اے اہلِ قریہ بنت علی کی مدد کو آؤ
دنیا میں خوش تم رہو عقبہ میں چین پاؤ
سید کدھر ہے خون میں غلطاں بتاتے جاؤ
یاں لٹ گےء فلک نے یہ دکھ ہم پہ ڈالے ہیں
اے بھاءییوں مدینے کے ہم رہنے والے ہیں
شہ کے کراہنے کی جو آنے لگی صدا
دوڑی ادھر نبی کی نواسی بہ رہنہ پا
دیکھا بہن نے کٹتے ہوئے بھای کا گلا
آنکھوں پہ ہاتھ رکھ کے گری بنت مرتظی
غم سے کلیجہ پھٹ گیا زہرا کی جای کا
اٹھی تو دیکھا نیزے پہ سر اپنے بھائی کا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.