Tadfeene shehzadi
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Sakina (s.a) recited by Raza Abbas Zaidi
بیان کرتا ہوں زنداں میں کیا قیامت تھی
غریب بابا سے جسدم غریب بیٹی ملی
وہ اپنے بابا کے سر سے لپٹ کے رونے لگی
تڑپ کے لی جو سکینہ نے آخری ہچکی
کلیجہ پھٹتا ہے کیسے سناؤں وہ منظر
رکھے تھے بیٹی نے رخسار باپ کے منہ پر
اندھیری قید میں پھر کیا ہوا سنو آگے
بہن کو دیکھا جو بابا کے سر سے لپٹے ہوئے
تڑپ کے بالی سکینہ کے پاس آ پہنچے
جو نبض دیکھی تو سجاد نے کہا روکے
اُٹھارہی تھی جوغم اب وہ تھک گئی غم سے
پھوپی ہماری سکینہ بچھڑ گئی ہم سے
لرز رھا تھا وہ زندان آہ و گریہ سے
یہ بولے عابدِ مضطر غریبِ زہرا سے
چھڑاؤں کیسے میں سر آپ کا سکینہ سے
ملی ہے کتنے دنوں بعد اپنے بابا سے
بہت غریب ہوں یہ غم اُٹھا نہ پاؤنگا
بہن کی گود سے میں سر چھڑا نہ پاؤنگا
سرِ حسین چھڑایا جو یاعلی کہکر
کہا سکینہ سے تم پر سلام اے خواہر
نہ جانے کتنے ہیں احسان آپکے مجھ پر
یہ بھائی کیسے اُتارے گا قبر کے اندر
یہ دیکھو جکڑا ہے زنجیر میں ہمارا بدن
تمہارا لاشہ نہ بھائی سے اُٹھ سکے گا بہن
ستمگروں نے جو کربوبلا میں باندھی تھی
گلے میں ہوگئی پیوست ہائے وہ رسی
چھنی تھی بالیاں ہیں کان آج بھی زخمی
ستم کی حد یہ ہوئی آپ مر گئیں پیاسی
عیاں ہیں چہرے پہ ابتک نشاں طمانچوں کے
چھپاؤں کیسے بھلا میں یہ نیل گالوں کے
وہ راہِ شام وہ غربت بھلاؤں میں کیسے
اک ایسا موڑ تھا غازی کا سر تھا نیزے پہ
جب اُنکے سامنے لاکر پکڑ کے بالوں سے
طمانچےمارےتھےظالم نے تمکو ہنس ہنس کے
لعین کہتا تھا عباس اب نہ آئیگا
نہیں ہے کوئی جو دُروں سے اب بچائیگا
پکاریں لاشے سکینہ پہ زینبِ مضطر
یہ کربلا میں قیامت گزر گئی تم پر
پھوپی کے ساتھ کھڑی دیکھتی رہی منظر
چلا تھا بھائی کے سوکھے گلے پہ جب خنجر
کہا یہ بھائی نے دو میرا ساتھ اے زینب
رکھو سکینہ کی آنکھوں پہ ھاتھ اے زینب
پھوپی بھتیجے سےکہتی تھیں مت کرو فریاد
تمہارا ساتھ میں دیتی ہوں سیدِ سجاد
پڑی ہے ہم پہ قیامت سے بھی بڑی اُفتاد
تمہاری طرح میرے ہاتھ بھی نہیں آزاد
ہے اب یہ شام کا زندان ہی وطن اِسکا
یہی جلا ہوا کُرتا ہے اب کفن اِسکا
کہا یہ ثانیِ زہرا نے بیبیوں آؤ
جنازہ بالی سکینہ کا ساتھ اُٹھواؤ
جو اپنے بابا کو روتی تھی اُسکو دفناؤ
نہیں ہے پانی تو تُربت پہ اشک برساؤ
وہ رات آئی تھی ذیشان اور رضا کیسی
لحد میں سوگئی بیٹی غریبِ زہرا کی
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.