Ye Fatima bhi hai Zehra bhi hai
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Fatema (s.a) recited by Shadman Raza
یا راضیہ یا مرضیہ یا طاہرہ یا سیدہ
یہ فخر آمنہ سرمایہ رسول بھی ہے
یہ فاطمہ بھی ہے زہرا بھی ہے بتول بھی ہے
ہر ایک سوال کا بہتر جواب زندہ ہے
صداقتوں کا مکمل نصاب زندہ ہے
بہار باغ رسالت مع آب زندہ ہے
خدا کے بندو خدا کی کتاب زندہ ہے
بیان عظمت خاتون کائنات سنو
مباہلے کی زبان سے خدا کی بات سنو
کہا جو بضعتہ منی تو ہو گیا معلوم
دل رسول کی صورت ہے فاطمہ معصوم
کمال علم سے ایسا بنا دیا مقسوم
نصیب ہو گئے امامتوں کے نزول
وقار بنت نبی میں نہ کچھ کمی آئے
خدا کے گھر میں اسی واسطے علی آئے
علی نے شکر سے مزدوریوں میں دن کاٹے
نبی کی بیٹی نے چکی میں خشک جو پیسے
علی نے باغوں میں پانی دیا جہاد کیے
نبی کی بیٹی نے فاقوں میں بھر دیے سجدے
جہاد نفس کا میداں علی کے ہاتھ رہا
کمال صبر و رضا فاطمہ کے ساتھ رہا
وہ ایک چھوٹا سا گھر پوری کائنات کا دل
وہ ایک حجرہ امامت کے نور کی منزل
وہ بام و در جنہیں سجدہ کرے مہ کامل
وہ ایک نخل کے سائے میں خلد کی محفل
ادب کے ساتھ بلندی کا ہر نشان جھکے
جہاں کنیز کے رعب پہ آسماں جھکے
بنام فاطمہ امت کی بیٹیاں جاگیں
نگاہ عقل سے رفتار زندگی دیکھیں
برائے غیرت دل اپنے آپ سے پوچھیں
کسے ملے گی جگہ فاطمہ کی محفل میں
خدا کرے وہ تماشائے روزگار نہ ہو
رسول پاک کی بیٹی سے شرمسار نہ ہو
دھواں تنور سے اٹھا تو سائلوں کے لیے
خمیر ہو گیا آٹا مسافروں کے لیے
سکون قلب کا ساماں بیکسوں کے لیے
غذائے صبر و رضا اپنے کمسنوں کے لیے
اسی مقام پہ خیر العمل کے جلوے ہیں
یہی وہ گھر ہے جہاں انقلاب پلتے ہیں
علی کے چہرہ اقدس پہ انبیا کا جلال
وجود فاطمہ زہرا پہ مصطفی کا جمال
علی کے دم سے جہاں میں تجلیوں کے نہال
متاع فاطمہ زہرا حسن حسین سے لال
علی نے مسجد کوفہ میں زخم کھایا ہے
زمانے والوں نے زہرا کو بھی رلایا ہے
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.