Wah hamshakle nabi
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Ali Akbar (a.s) recited by Shadman Raza
واہ ہم شکل نبی
اکبر جمال قدرت پروردگار ہے
اکبر خدائی حسن کا آئینہ دار ہے
لیلی کا مان ابن علی کا وقار ہے
خالق کو جس پہ ناز یہ وہ شاہکار ہے
جس کا نہیں جواب یہ وہ لاجواب ہے
یہ ہو بہو شبیہ رسالت ماب ہے
واہ ہم شکل نبی
ہو اس کے روبرو بھلا کیا داغدار چاند
منہ ابر میں چھپا کے چلے بار بار چاند
ویسے محاورے میں تو ہوتے ہیں چار چاند
اکبر نے کربلا کو لگائے ہزار چاند
پایا ہے چہرہ مثل پیمبر اسی لیے
رکھا گیا ہے نام بھی اکبر اسی لیے
واہ ہم شکل نبی
نہ صبح ہے نہ رات برابر کا وقت ہے
ابن علی کے مہر منور کا وقت ہے
تفسیر سورہ رخ انور کا وقت ہے
یہ ذکر حضرت علی اکبر کا وقت ہے
توقیر بڑھ رہی ہے در بوتراب کی
آمد ہے پھر جہاں میں رسالت ماب کی
واہ ہم شکل نبی
شبیر کو وراثت خیر الوری ملی
عباس کو شجاعت شیر خدا ملی
قاسم کو عظمت حسن مجتبی ملی
اس گھر میں شان سب کو خدا سے جدا ملی
زینب نے پایا رتبہ اعلی بتول کا
اکبر کو مل گیا ہے سراپا رسول کا
واہ ہم شکل نبی
گیسو بھی نور چہرہ طاہر بھی نور ہے
پیکر بھی نور سینہ عامر بھی نور ہے
باطن بھی اس کا نور ہے ظاہر بھی نور ہے
حد یہ کہ اس قصیدے کا شاعر بھی نور ہے
بیٹا ملا ہے ایسا نرالا حسین کو
حیرت سے دیکھتا ہے اجالا حسین کو
واہ ہم شکل نبی
اب تذکرہ ہے اکبر خوش رو کی جنگ کا
خاروں سے دشت زار میں خوشبو کی جنگ کا
بازوئے کردگار کے بازو کی جنگ کا
سر چڑھ کے بولتے ہوئے جادو کی جنگ کا
نظریں اٹھا کے دیکھا تو ہر صف الٹ گئی
خود موت اس کے پیروں سے آ کے لپٹ گئی
واہ ہم شکل نبی
اکبر نے تیغ کھینچی اڑے بے پروں کے سر
کی جب نگاہ کٹ گئے دیدہ وروں کے سر
زد پر اجل کی آئے جو فتنہ گروں کے سر
شانوں سے خود ہی گرنے لگے خود سروں کے سر
تھا شور بھاگو جنگ سے ہاتھوں کو جھاڑ کے
لو آ گئے علی در خیبر اکھاڑ کے
واہ ہم شکل نبی
منظر یہ کارزار کا کیسے کروں بیاں
اکبر کی تیغ آج اجل کی ہے ترجمہ
تلوار کی چمک میں تڑپتی ہیں بجلیاں
خیمے کے در پہ شاہ زمانہ ہے شادماں
الٹی سپاہ نور علی اس کے وار نے
اٹھ اٹھ کے داد دی ہے اسے ذوالفقار نے
واہ ہم شکل نبی
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.