Qasim e Ibn e Hasan Hoon
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Hazrat Qasim (a.s) recited by Mir Hasan Mir
جو ہے وقار مطلبی خاندان کا
تم کو سنا رہا ہوں رجز اس جوان کا
قاسم ہوں کاروان شجاعت کا میر ہوں
دوںوں جہاں میں آپ ہی اپنی نظیر ہوں
ہر خیبری محاذ کا میں قلعہ گیر ہوں
تلوار کا دھنی ہوں قلم کا امیر ہوں
سینے میں دل ہے فتح بدر و حنین کا
بیٹا حسن کا ہوں تو سپاہی حسین کا
زہرا و مصطفی و علی و حسن حسین
سجاد اور باقر و جعفر دلوں کے چین
کاظم رضا تقی و نقی حق کی زیب و زین
اور عسکری و مہدی دین جان مشرقین
اول سے تا بہ ساکن خضرا کا آئینہ
ہم تیرہویں برس میں ہیں چودہ کا آئینہ
سر پر ہے خود ناد علی فتح کی کلید
پہنے ہوئے ہیں جسم پہ ہم زرہ الحدید
کرتے ہیں رن میں وقت وغا حملہ شدید
وہ تیغ ہیں کہ جس کا نوالہ ہے ہر یزید
پٹکا کمر میں ہے شاہ عالی صفات کا
تعویذ بازوؤں پہ ہے بابا کے ہاتھ کا
یاد شہادت شہدا ہے ہمارے ساتھ
فرزند فاطمہ کی ولا ہے ہمارے ساتھ
اک غم نصیب ماں کی دعا ہے ہمارے ساتھ
ہم ہیں خدا کے ساتھ خدا ہے ہمارے ساتھ
حق کے خلاف کفر کی زور آزمائی ہے
ہم سے لڑا جو اس کی خدا سے لڑائی ہے
یکجا یہاں پہ کس کے سہارے ہوئے ہو تم
کیا سوچ کر وغا کے شرارے ہوئے ہو تم
بزم حدیبیہ میں بھی ہارے ہوئے ہو تم
بابا حسن کی صلح کے مارے ہوئے ہو تم
موسی ہیں ساحروں کے تماشوں سے کیا لڑیں
ہم مالک حیات ہیں لاشوں سے کیا لڑیں
انجام کارزار پہ کوئی نظر بھی ہے
کیا شام کے رسالوں میں حرف سحر بھی ہے
سینے اکڑ کے تان رہے ہو جگر بھی ہے
لڑنے تو آ گئے ہو تمہیں کچھ خبر بھی ہے
اس رخ سے بھی شکست ستم آشکار ہے
اس جنگ میں قلم تھا یہاں ذوالفقار ہے
کفر و نفاق و شرک کے پیدائشی غلام
بد شکل و بد نصیب و بد ادوار و کج خرام
بد نسل و بد تماشو بد انجام و بد کلام
سورج سے لڑنے آئے ہیں شب زدگان شام
غم کو خوشی سمجھ کے اچھلنا تو دیکھیے
چمگادڑوں کا دن میں نکلنا تو دیکھیے
جاگے ہو شب کو ڈر سے کہ سوئے ہو شامیوں
آنکھیں تو کہہ رہی ہیں کہ روئے ہو شامیوں
بزدل صفوں کو صف میں پروئے ہو شامیوں
اب تک گھما کے دشت میں کھوئے ہو شامیوں
کیا بھول ہو گئی ہے یہ سمجھو گے دیر سے
جنگل میں لڑنے آئے ہو اور وہ بھی شیر سے
فوج کثیر دیکھ کے اترا رہے ہو تم
ہندہ کی لے میں بدر و احد گا رہے ہو تم
بغض ابو تراب میں بل کھا رہے ہو تم
خاموش ہیں تو منہ پہ چڑھے آ رہے ہو تم
ٹکڑوں میں بانٹ دیں گے لبوں کی کمان کو
گدی سے کھینچ لیں گے تمہاری زبان کو
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.