Likh qalam sani e zehra ki sana bismillah
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Zainab (s.a) recited by Mir Hasan Mir
یا زینب
بسم اللہ
لکھ قلم ثانی زہرا کی ثنا بسم اللہ
وحی و الہام کو تحریر ملا بسم اللہ
با کے نقطے سے ہر ایک نقطہ ملا بسم اللہ
آج یہ راز زمانے کو بتا بسم اللہ
علم حیدر کا خلاصہ ہے علی کی بیٹی
دوسری نہج البلاغہ ہے علی کی بیٹی
سلام بنت علی سلام یا زینب
آل زہرا کے لیے ثانی زہرا زینب
اس لیے ذات الہی نے یہ چاہا زینب
مستقل ہو تیری چوکھٹ پہ اجالا زینب
تیری خاطر ہو نئے رنگ کا زہرہ زینب
بنی ہاشم کا قمر بن کے ستارہ جائے
تیری دہلیز پہ غازی کو اتارا جائے
سلام بنت علی سلام یا زینب
جن کی نعلین کی قوسین بھی محتاج ملے
وہ نبی اور علی بر سر معراج ملے
تحفے اللہ سے دو کل کے لیے آج ملے
دونو معصوموں کو عصمت کے نئے تاج ملے
شب معراج یہ تقسیم خدا نے کی ہے
فاطمہ ایک کو دی ایک کو زینب دی ہے
سلام بنت علی سلام یا زینب
ماہ شعبان یکم اور وہ نور زینب
کعبہ حضرت زہرا میں ظہور زینب
پنجتن ہیں اسی خواہش میں حضور زینب
میری آغوش ہو گہوارہ طور زینب
اس کی مرضی ہے مگر اس کو اٹھائے شبیر
سب سے پہلے مجھے سینے سے لگائے شبیر
سلام بنت علی سلام یا زینب
ظلمت شام کی تردید ہے پہلی شعبان
تین شعبان کی تمہید ہے پہلی شعبان
چودہ معصوموں کی امید ہے پہلی شعبان
ساری عیدوں کے لیے عید ہے پہلی شعبان
عرش سے بن کے ولایت کی سفیر آئی ہے
لیلۃ القدر کے گھر عید غدیر آئی ہے
سلام بنت علی سلام یا زینب
تو نے اسکت جو کہا ہو گئے اعدا خاموش
صرف اعدا ہی نہیں ہو گیا کوفہ خاموش
صرف کوفہ ہی نہیں ہو گئی دنیا خاموش
صرف دنیا ہی نہیں عرش خدا تھا خاموش
ایسا لہجے کا اثر تھا کہ زمانہ چپ تھا
تیری تعظیم میں خود تیرا گھرانہ چپ تھا
سلام بنت علی سلام یا زینب
پل میں ساکت بھرے بازار کی ہلچل کر دی
ایک ہی بات میں ہر بات مکمل کر دی
وقت پر وقت کی دہلیز مقفل کر دی
دن کو معزول کیا رات معطل کر دی
خوف میں ڈوبے ہوئے دل وہ ابھرنے نہ دیے
سانس بھی روک دیے لوگ بھی مرنے نہ دیے
سلام بنت علی سلام یا زینب
قافلہ فرش عزا کا یہ چلی ہے لے کر
چودہ صدیوں سے خطاب اس کا ہے جاری گھر گھر
تعزیہ جھولا علم آنسو ہے اس کا لشکر
کون روکے گا بھلا شاہ کا ماتم اکبر
کربلا کا جو ہر ایک صاحب دل قائل ہے
اس کی تبلیغ میں زینب کا لہو شامل ہے
سلام بنت علی سلام یا زینب
یا زینب
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.