Kaho ya mehdi
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Mehdi (a.s) recited by Mir Hasan Mir
یا مہدی
السلام السلام اے امام زمان
یا مہدی
کہو یا مہدی
یہ ساری کائنات ہے قائم امام سے
باقی خدا کا نام ہے مہدی کے نام سے
کہو یا مہدی
ایک پل کو سوچیے نہ اگر ہو شہ زماں
بادل رہے نہ ابر نہ برسات کا نشاں
پس جائے کائنات پہاڑوں کے درمیاں
دھرتی کے سر پہ آن گرے پل میں آسماں
ان سارے حادثات زمانہ کے سامنے
دیوار کھینچ رکھی ہے میرے امام نے
سورج کو سارے راستے بتاتا ہے خود امام
مشرق ہے یہ یہاں سے نکلنا ہے تیرا کام
تھک جائے گر سفر میں تو پھر بھی ہے ایک مقام
مغرب ہے میرے قدموں میں کرنا یہی قیام
کہہ دے جہاں سے وہاں سے نکلتا ہے آفتاب
مہدی سے پوچھ پوچھ کے چلتا ہے آفتاب
وہ ہے تو کائنات ہے وہ ہے تو زندگی
وہ ہے تو یہ نماز ہے وہ ہے تو بندگی
وہ ہے تو آ رہی ہے صدا یا حسین کی
وہ ہے تو ہو رہا ہے جہاں میں علی علی
اب جو خلاف ذکر علی لب ہلائے گا
دنیا سے بے حساب جہنم میں جائے گا
آنے سے اس کے ہوگی ستم کی کتاب بند
ہوگا ہر ایک مفتی شر کا نصاب بند
غیبت کا در کھلا تو کھلیں گے حساب بند
مولا کہیں گے ہو گیا توبہ کا باب بند
اپنے پروں سے پہلے محبوں کو آڑ دو
جبریل پھر زمین کو دوزخ میں جھاڑ دو
راز مقطعات کا ہمراز آئے گا
قرآن علی کا لکھا ہوا ساتھ لائے گا
شان نزول آیتوں کی خود بتائے گا
مکی سے مکی مدنی سے مدنی ملائے گا
فر فر صحیفہ بولے گا اس کی جناب میں
وہ جان ڈال دے گا خدا کی کتاب میں
ہوگا امام وقت یوں مصروف کارزار
کاندھے پہ بے نیام رکھی ہوگی ذوالفقار
اللہ ہوگا خود ولی اللہ پر نثار
تلوار خود کہے گی جری وار وار وار
فہرست دے دے دشمن آل رسول کی
پھر دیکھ کیا کرے گی سہیلی بتول کی
تنظیم روزگار کا ناظم جب آئے گا
تبدیلیاں بشر کی وہ فطرت میں لائے گا
دنیا کو اپنا حق تصرف دکھائے گا
انساں پھر اپنی سوچ سے بھی آگے جائے گا
خیرات میں امام سے پائے گا معجزات
مٹی کا آدمی بھی دکھائے گا معجزات
ہوگی قضا کے ہاتھ میں جینے کی جب امنگ
آ جائے گا ہر ایک بشر زندگی سے تنگ
ابلیسیت دکھائے گی دنیا کو اپنا رنگ
نائب خدا کا آ کے لڑے گا خدا کی جنگ
مٹ جائے گا بدی کا نشاں کائنات سے
شیطان مارا جائے گا مہدی کے ہاتھ سے
یوں آس ہے ظہور کی دل کے دیار میں
اکبر جو موت آ بھی گئی انتظار میں
پھر بھی تڑپ رہے گی دل بے قرار میں
ہم منتظر رہیں گے ہمیشہ مزار میں
دے گا صدائیں جب بھی ہمیں وقت کا حسین
قبروں سے ہم پکاریں گے لبیک یا حسین
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.