Salam Ay Bibi Khadija (s.a)
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Khadija (s.a) recited by Shadman Raza
اے شمعِ شبستانِ دلِ سرور کونین
اے روشنیءِ انجمن سیدِ ثقلین
اے مَصدَر انوارِ حریمِ رخِ حسنین
اے مومنہ ءِ ہستیِ صدیقہءِ دارین
تاریخ میں اتنا بڑا اعزاز کہاں ہے
حد یہ کہ تو خاتونِ قیامت کی بھی ماں ہے
پھیلا تیرے دم سے رخِ ہستی میں اُجالا
ظلمات کو اِک صبحِ ابد رنگ میں ڈھالا
دنیا سے تیری سوچ کا انداز نرالا
بچوں کی طرح گود میں اسلام کو پالا
اے شانِ طویلد تیری توقیر بڑی ہے
مریم تیری بیٹی کی کنیزوں میں کھڑی ہے
توحید کے دنیا میں نگہبان بہت ہیں
اب دیں کی حفاظت کے بھی سامان بہت ہیں
احساں تیرے سرمایہِ عمران بہت ہیں
تو کیا تیری اولاد کے احسان بہت ہیں
یہ کم تو نہیں جو تیری بیٹی نے کیا ہے
دم توڑتے اسلام کو شبیر دیا ہے
سرمایہ انفاس پیمبر تیرا کردار
زہرا کی طبیعت سے بھی نازک تیری گفتار
ارباب جہالت کو کچلتی ہوئی رفتار
ہے دینِ مکمل کے لیے دولتِ بیدار
اسلام کی عظمت تیری مرحون رہے گی
تاحشر نبوت تیری ممنون رہے گی
جس دور میں تو صاحبہءِ دولت و زر تھی
تیرے زر و دینار پہ دنیا کی نظر تھی
حیرت ہے کہ اُس وقت بھی تم ابرِ گوہر تھیں
تجھ کو کسی اجڑے ہوئے گھر کی بھی خبر تھی
یہ کام تو مشکل تھا مگر کر کے دکھایا
اِک درِّ یتیمی کو سرِ تاج بنایا
رتبے میں کہاں کوئی ہوا تیرے برابر
کیوں کر کوئی کہلائے گا آخر تیرا ہمسر
حیدر تیرا داماد محمد تیرا شوہر
حسنین نواسے ہیں تو زہرا تیری دختر
دوزخ تیرے دشمن کے لیے گرم ہوا ہے
جنت تیری نعلین اٹھانے کا صِلہ ہے
پوچھا تیری تاریخ کے ہر دور سے ہم نے
یہ دید بھی پایا نہ کسی اور سے ہم نے
دیکھی نہیں مائیں کبھی اس طور سے ہم نے
دیکھے جو تیرے لختِ جگر غور سے ہم نے
ہر مردِ جری عکسِ اب و جَد نظر آیا
ہر فرد تیرے گھر کا محمد نظر آیا
گر تیری اجازت ہو تو ایک عرض ہے سرکار
بیٹی تیری جھٹلائی گئی برسَرِ دربار
کیوں لاشِ حسن پر ہوئی تِیروں کی وہ بوچھار
زینب کی ردا چھن گئی وہ بھی سرِ دربار
کیوں تیرے گھرانے پہ ستم اتنا ہوا ہے
اتنی بڑی خدمت کا یہی اجر ملا ہے
تاراج ہوا تیری امیدوں کا چمن کیوں
پامال ہوئے ریت پہ معصوم بدن کیوں
شبیر کی میّت رہی بےگور و کفن کیوں
زینب پسِ گردن ہوئی مجروحِ رسن کیوں
معصوم سکینہ کو کفن کیوں نہ ملا تھا
کیا یہ بھی فقط تیری مشقت کا صِلہ تھا
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.