Faryade zindane
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Shaam recited by Rizwan Zaidi
فریادِ زندانِ شام
میں ہوں زندانِ شام
میں نے دیکھے ہزار ہا قیدی
ایسی قیدی مگر نہیں دیکھے
خوں میں ڈوبے بدن تو دیکھے ہیں
اس قدر خوں میں تر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے ہیں جتنے قیدی بھی
اُن کی آنکھوں سے اشک جاری تھے
اُن کے جسموں پہ زخم کاری تھے
اُن پہ لمحے اَلَم کے بھاری تھے
جن کا رونا مجھے رولاتا ہو
میں نے یوں نوحہ گَر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
ایک قیدی تو اِن میں ایسا ہے
طوق جس کے گلے میں بھاری ہے
قافلے کا یہی مہاری ہے
جس کی آنکھوں سے خون جاری ہے
صبر کے جو ہنر ہیں پاس اِس کے
میں نے ایسے ہنر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
شام روتے سحر کو روتے ہیں
بے کسی کے سفر کو روتے ہیں
تھام کر یہ جگر کو روتے ہیں
یاد کر کر کے گھر کو روتے ہیں
ایسا لگتا ہے اِن غریبوں نے
ایک مدت سے گھر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
ایسے قیدی کہ جن کے آنے پر
قید خانے سجائے جاتے ہیں
خود رلاتے ہیں اور رونے پر
تازیانے لگائے جاتے ہیں
قیدیوں پر ستم تو دیکھے ہیں
پر ستم اس قدر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
اِن کے رونے سے ایسا لگتا ہے
جیسے یہ دو جہان روتے ہیں
جب بھی کرتے ہیں رو کے یہ نالے
سب زمیں آسمان روتے ہیں
میں نے نالے کسی بھی قیدی کے
اس قدر پُر اسر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
خود میں ہی قید ہو رہا ہوں میں
دیکھ کر اِن کو رو رہا ہوں میں
کیا بتائوں یہ درد کیسا ہے
جس کو دل میں سمو رہا ہوں میں
میں نے مظلوم تو کئی دیکھے
ایسے مظلوم پر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
اِس مصیبت پہ شکر کے سجدے
اتنی غربت پہ شکر کے سجدے
انبیاء بھی نہ کر سکے ہوں گے
ایسی حالت پہ شکر کے سجدے
جن کے سر پر ہو ناز سجدے کو
میں نے تو ایسے سر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
ایسی قامت ہے اِن کی نور علی
دین کی قامتِ دراز ہیں یہ
ہیں نمازی کہ خود نماز ہیں یہ
دونوں عالم کے چارہ ساز ہیں یہ
قید میں قیدیوں کو دیکھا ہے
قید میں چارہ گر نہیں دیکھے
میں نے دیکھے۔۔۔
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.