Karbala na bhoolenge
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Azadari recited by Rizwan Zaidi
ہم نہ بھولیں گے ہم نہ بھولیں گے
کربلا نہ بھولیں گے کربلا نہ بھولیں گے
رہبروں کی سر زمیں ہے انبیاء کی رہ گزر
محوِ سجدہ ہے یہیں پر خانہِ کعبہ کا سر
سب کو ملتا ہے یہاں سے خلد کا زادِ سفر
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
یاد باقی ہے خدا کی کربلا کی یاد سے
دھوم ہے صلِ علیٰ کی کربلا کی یاد سے
سانس چلتی ہے وفا کی کربلا کی یاد سے
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
صاف گو بےباک ہیں کرتے ہیں یہ وعدہ حسین
غم ہے سینے چاک ہیں کرتے ہیں یہ وعدہ حسین
جن کے شجرے پاک ہیں کرتے ہیں یہ وعدہ حسین
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
ساری دنیا کو سنائیں گے بیانِ کربلا
اپنے سینوں پر لکھیں گے داستانِ کربلا
ہم کبھی جھکنے نہیں دیں گے نشانِ کربلا
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
اپنی جانیں نذر کر دیں گے شہادت کے لئے
ڈھیر سجدوں کا لگا دیں گے حفاظت کے لئے
سر کے بَل آئیں گے ہم اِس کی زیارت کے لئے
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
کربلا تو قصر لا الہٰ کی بنیاد ہے
سیدِ سجاد کا خطبہ تو ہم کو یاد ہے
ماتمی سینوں میں اب بھی کربلا آباد ہے
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
خوں سے اِس کا نام لکھ دیں گے ہر اِک منظر میں ہم
فرش ماتم کا بچھا دیں گے زمانے بھر میں ہم
پھر عزاخانہ سجائیں گے خدا کے گھر میں ہم
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
خون میں ڈوبے ہوئے پیاسوں کے لاشے یاد ہیں
سہمے سہمے تشنہ لب معصوم بچے یاد ہیں
دشت میں جلتے ہوئے ویران خیمے یاد ہیں
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
آ رہی تھیں العطش کی جو صدائیں یاد ہیں
چھن گئیں تھیں جو سروں سے وہ ردائیں یاد ہیں
جو رسن بستہ تھیں وہ مجبور مائیں یاد ہیں
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
کربلا اے کربلا اے کربلا اے کربلا
حشر تک چلتا رہے گا یہ حسینی قافلہ
سن رہے ہیں آج بھی ہم لوگ ھل من کی صدا
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
المدد اے گوھرِ حق المدد شاہِ نجف
سائے میں آ کے علم کے ہم اُٹھاتے ہیں حلف
راستے سب موڑ دیں گے کربلا تیری طرف
ہم نہ بھولیں گے۔۔۔
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.