Dar dhoond ke
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Sakina (s.a) recited by Rizwan Zaidi
در ڈھونڈ کے زنداں کا یہ کہتی ہے سکینہ
بابا مجھے سینے پہ سلانے چلے آئو
اس عالم تنہائی میں مر جائوں نہ بابا
مرنے سے سکینہ کو بچانے چلے آئو
ہر وقت تیری یاد میں روتی ہے سکینہ
مغموم تیری آس میں ہوتی ہے سکینہ
ناراض تیری لختِ جگر تجھ سے ہے بابا
روٹھی ہوئی بیٹی کو منانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
میں چین کا اک سانس بھی بابا نہیں لیتی
یہ پیاس کی شدت مجھے سونے نہیں دیتی
اب نیند تری بیٹی کو نہ آئے گی بابا
اک چین کی لوری ہی سنانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
اصغر میرا بھیا وہ میری جان کہاں ہے
چھ ماہ جو دنیا میں تھا مہمان کہاں ہے
بابا مجھے بھیا کی جدائی نہیں بھولی
اصغر کو سکینہ سے ملانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
اک داغ ہے بھائی کا کمر توڑ دی جس نے
اک داغ ہے بیٹے کا نظر چھین لی جس نے
جو دل پہ لگے زخم تمہیں کرب و بلا میں
بابا وہ سکینہ کو دکھانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
بستر نہیں سونے کے لئے فرشِ زمیں ہے
میں شہہ کی یتیمہ ہوں میرا قلب حزیں ہے
زنداں کا اندھیرا ہے مقدر میرا بابا
تاریکیِ زنداں کو مٹانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
میں آلِ محمد کے گھرانے کا نگینہ
اس واسطے بابا مجھے کہتے تھے سکینہ
ظالم کے طمانچوں نے سکوں چھینا ہے میرا
کب آئو گے بابا یہ بتانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
وہ ظلم کئے شمر نے چہرے سے عیاں ہیں
رخسار پہ ظالم کے طمانچوں کے نشاں ہیں
بابا میرے رونے پہ یہاں پہرے لگے ہیں
اِن پہروں کو اے بابا ہٹانے چلے آئو
در ڈھونڈ کے۔۔۔
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.