Ya Ali tu hi tu
Manqabat Lyrics & Urdu Writeup on Imam Ali (a.s) recited by Imran Abbas
یا علی
یا علی تو ہی تو
ابتدا سورہ الحمد سے کرتا ہوں کلام
اے شب قدر تیرے صدقے عطا ہو الہام
یا علی تیری مدد سے یوں لکھوں تیرا مقام
تو ہی تو چاروں طرف دیکھنے لگے میرے امام
حرف بہ حرف سماعت میں سما جائے علی
میں کہوں نقطہ با اور صدا آئے علی
وہ شب تیرہ رجب اور وہ اللہ کا گھر
جناب بیت خدا بنت اسد کا وہ سفر
ہنس کے جبرائیل امیں دیتے تھے دنیا کو خبر
گھر میں اللہ کے اترا ابو طالب کا پسر
منتظر جس کے نبی تھے وہ ولی آیا ہے
ٹوٹ کر کعبہ بھی کہتا تھا علی آیا ہے
آمد ماہ رجب اور تیری آمد آمد
شاہد ذات خداوند کی اشہد آمد
نفس معبود کی آمد سر معبد آمد
گھر میں یداللہ کی سرمد آمد
سامنا جھوٹے خداؤں کا تھا سچائی سے
منہ کے بل گر پڑے بت ایک تیری انگڑائی سے
سانسیں لکھتا ہے تو اموات رقم کرتا ہے
لوح محفوظ پہ آیات رقم کرتا ہے
آج اور کل کی ہر ایک بات رقم کرتا ہے
سب کچھ اللہ کا یہی ہاتھ رقم کرتا ہے
اپنے کعبے کا تجھے قبلہ بنایا رب نے
امر سے پہلے اولوالامر بنایا رب نے
کیا قیامت سر مقتل تیری تلوار کرے
باد صرصر بھی کبھی اندازہ رفتار کرے
ایک ہی جیسے برابر کے سبھی وار کرے
ملک الموت کو بھی چلنے میں لاچار کرے
تیری شمشیر تو بس اپنا ہدف دیکھتی ہے
موت تھک کر تیرے ہاتھوں کی طرف دیکھتی ہے
آسماں والوں زمیں والوں میں ناطہ تو ہے
طور پہ چمکا تھا جو نور وہ جلوہ تو ہے
جس پہ اللہ کا گماں ہے وہی بندہ تو ہے
ترجمہ جو بھی ہے توحید خدا کا تو ہے
نور کا دھارا سوئے خاک یوں موڑے رکھا
تو نے الحمد کو والناس سے جوڑے رکھا
سچ ہے فردوس پہ کوثر پہ علی کا حق ہے
سارے صحرا پہ سمندر پہ علی کا حق ہے
منبر شافع محشر پہ علی کا حق ہے
حد ہے یہ کرسی داور پہ علی کا حق ہے
یا علی جس نے امانت میں خیانت کی ہے
تیرے غاصب پہ تو اللہ نے لعنت کی ہے
ہے یہ فرمان نبی خیر البریہ تو ہے
ہر زمانے کے لیے میر زمانہ تو ہے
میری امت میں مثال در حطہ تو ہے
یا علی سورہ اخلاص کا چہرہ تو ہے
جیسے قرآن کے سوروں کی تلاوت کرنا
یوں عبادت ہے تیرے رخ کی زیارت کرنا
تیغ وہ تیغ کہ ہے عدل الہی جس سے
ہاتھ وہ ہاتھ کہ چلتی ہے خدائی جس سے
آنکھ وہ آنکھ کہ تکتا ہے خدا بھی جس سے
کان وہ کان خدا سن لے دہائی جس سے
پا کے انگشتری سائل بھی یہی کہتا ہے
رب سے مانگی ہوئی خیرات تو ہی دیتا ہے
لے گا اللہ کی جانب سے زمانوں کا حساب
روحوں کا جسموں کا اکبر سبھی نفسوں کا حساب
بے ولایت جو ہوئے نام کے سجدوں کا حساب
وقت کے روزوں کے بے وقت کے فاقوں کا حساب
اس طرح مسند توحید سجائے گا تو
ہاتھ اللہ کی جگہ سب سے ملائے گا تو
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.