Aakhri raat soja
Noha Lyrics & Urdu Writeup on Bibi Sakina (s.a) recited by Rizwan Zaidi
سکینہ سے کہتے تھے مقتل میں سرور
ہے یہ آخری رات سوجا سکینہ
مری زندگی میں ہی آرام کر لے
ابھی تو میسر ہے بابا کا سینہ
اے جانِ پدر مجھ کو معلوم ہے یہ
تجھے کل سے بے درد سونے نہ دیں گے
مری لاشِ پامال پر بھی سکینہ
تجھے یہ ستمگار رونے نہ دیں گے
توُ جی بھر کے مجھ سے ملاقات کر لے
یہی چند لمحے ہیں میری حَزینہ
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
تجھے اِس لیے ہی تو مانگا تھا میں نے
شبوں کی نمازوں میں اپنے خدا سے
کہ میری محبت کا جب امتحاں ہو
جدائی تری میں سہوں کربلا سے
کروں صبر تیری یتیمی پہ میں بھی
کرے صبر مقتل میں تو بھی سکینہ
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
یہ رونق بھی کل شام تک ہے سکینہ
کہ بڑھ جائے گی تیری تشنہ دہانی
ترا بھائی اصغر تو پیاسا رہے گا
دِکھا کر تجھے شمر پھینکے گا پانی
مری تشنگی یاد کر لینا بیٹا
کہ راہوں میں جب بھی کبھی پانی پینا
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
سفر کی تھکی ہے کچھ آرام کر لے
اے شہزادی یہ رات ڈھلنے سے پہلے
یہ سینہ بھی پامال ہو جائے گا کل
کٹے گا گلا دَم نکلنے سے پہلے
مجھے بے خطا قتل ہونا ہے رن میں
مری لعل اب میرا مشکل ہے جینا
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
اِنھیں یہ خبر ہے مری لاڈلی ہے
تجھے بھی ستائیں گے یہ شام والے
تجھے ظلم سہنے ہیں اِن ظالموں کے
تجھے کر رہا ہوں خدا کے حوالے
بہت مشکلیں ہوں گیں عاشور کے دن
مصیبت میں یہ گِھر گیا ہے سفینہ
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
غریب الوطن کی یہی آرزو ہے
پھوپھی کی طرح ظلم پر صبر کرنا
تجھے دیکھ کر لوگ آنسو بہائیں
یتیمی کو لے کر جہاں سے گزرنا
تجھے کوفہ و شام کے راستے میں
بہت یاد آئے گا شہرِ مدینہ
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
ظفر دیر تک شاہِ دیں اور سکینہ
شبِ غم میں کرتے رہے آہ و زاری
وہ باپ اور بیٹی کی رخصت کا منظر
دلِ کربلا پر ہے یہ زخم کاری
کہاں شاہ کی قبر کرب و بلا میں
کہاں شام میں ہے مزارِ سکینہ
سکینہ سے کہتے تھے۔۔۔
Want these lyrics offline?
Install the Bayaaz mobile app for iOS and Android to read all 7,000+ lyrics offline, create personalized playlists, and experience seamless audio playback anywhere.